میڈیا مار پلان

میڈیا مار پلان
 میڈیا مار پلان

  



نئے پاکستان میں سیاست اور عدالت کے ساتھ صحافت کو ”سیدھے راستے“ پرلانا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اس حوالے سے جس قدر ممکن ہو سکا منصوبہ بندی پہلے ہی سے کرلی گئی تھی۔پی ٹی آئی نے اقتدار سنبھالنے کے فوری بعد میڈیا کے حوالے سے جو رویہ اور پالیسی اختیار کی اس سے صاف نظر آنا شروع ہو گیا تھا کہ آنے والے دنوں میں میڈیا انڈسٹری کے ساتھ کیا سلوک ہونے والا ہے۔ سیاسی وفاداریاں بدلنے کے لئے مشہور جہلم کے خاندان سے تعلق رکھنے والے فواد چودھری وزیر اطلاعات بنے تو کھل کر کہہ دیا کہ ہم نیوز چینلوں کو نیچے لے کر جائیں گے اور انٹر ٹینمنٹ چینلو ں کو اوپر لایا جائے گا۔

اخبارات (پرنٹ میڈیا) کے متعلق انہوں نے فیصلہ سنایا کہ اب اسکی ضرورت ہی باقی نہیں رہی۔جدید ٹیکنالوجی نے پرنٹ کے ساتھ الیکٹرانک میڈیا کی اہمیت بھی بہت حد تک گھٹا دی ہے۔لہٰذا صحافی اور میڈیا ورکرز اب کوئی اور کام تلاش کریں۔اس تمام کھیل میں حکومت کا اصل منصوبہ تھا کہ بس پی ٹی وی باقی رہ جائے اور صر ف ان چینلوں اور اخبارات کو چلنے کا موقع دیا جائے جو پالیسی کے حوالے سے پوری طرح سرکاری ٹی وی کی پیروی کریں۔یہ کہنا تو آسان تھا مگر اس پر عمل درآمد اس حکومت کے دیگر”کارناموں“کی طرح کسی طرح آسان نہ تھا۔

بہرحال بحران پیدا کردیا گیا سواسکے نتیجے میں میڈیا انڈسٹری بری طرح متاثر ہوئی۔ ہزاروں صحافی اور میڈیا ورکرزنوکریوں سے فارغ ہوکر سڑکوں پر آگئے جو بچ گئے فراغت کی تلوار ان کے سروں پر لٹک رہی ہے۔بڑی تعداد میں ایسے بھی ہیں کہ جنہوں نے نوکریاں بچانے کے لئے تنخواہیں کم کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی۔ایک عام شہری بھی جانتا ہے کہ اس بدترین مہنگائی کے دور میں اگر آمدن بھی کم ہو جائے تو محض گزارا کرنا بھی محال ہو جاتا ہے۔نیا پاکستان کی انتظامیہ کی یہ بات ہی احمقانہ ہے کہ میڈیا انڈسٹری جدید ٹیکنالوجی کے باعث متاثر ہو رہی ہے۔

دنیا بھر میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کررہاہے۔پاکستان میں بھی اسکا پورا ایک پس منظر ہے۔زیادہ تفصیلا ت کی گنجائش نہیں صرف ایک مثال ہی کافی ہے اخبارات میں کبھی کاتب تھے پھر کمپیوٹر،کمپوزنگ کرنے والے آگئے۔اس فارمولے کے تحت میڈیا کے ہر شعبے میں جدت لائی جا رہی ہے۔میڈیا ہاؤسز کو بند کرنے اور زبردست بحران سے دوچار کرنے کے ایسے اقتدامات تاریخ میں پہلے کسی حکومت نے نہیں کیے۔ حکومت کا یہ کہنا بدنیتی ہے کہ نیوز کی اہمیت کم ہو رہی ہے اب انٹر ٹینمنٹ کو اوپر لائیں گے۔یہ سراسر زیادتی اور”ریاست گیری“ ہے۔

نیوز چینلوں اور اخبارات کی اہمیت آج پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔اسکا زندہ ثبوت یہ ہے کہ ریاست کے کئی ادارے میڈیا کے معاملات کی نگرانی کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ ان میں ہزاروں لوگوں کو بھرتی کیا گیا ہے بہت بڑے پیمانے پرسوشل میڈیا کے خصوصی شعبے بنائے گئے ہیں۔ نیوز کنٹرول کرنے کے لئے دن رات کا م کرنے والے خصوصی سیل اسی لئے تو بنائے گئے ہیں کہ عوام کو صرف وہی اطلاعات پہنچیں جو چند مخصوص عناصر چاہتے ہیں۔آزاد منش صحافیوں کے تبصرے،کالم،تجزیئے اور درست خبریں آج حکومت کے لئے بہت بڑا درد سر بن چکی ہیں۔

دلچسپ بات تو یہ ہے کہ ایک طرف نیوز کو بند کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں،جبکہ دوسری طرف خود حکومت کے حامی سرمایہ کاروں کو ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ اپنے میڈیا ہاؤسز بنائیں تاکہ آزاد میڈیا کا مقابلہ کیا جاسکے۔کسی سے ڈھکا چھپا نہیں کہ بعض ایسے میڈیا ہاؤسز بھی قائم کردئیے گئے جن کی سرمایہ کاری کہاں سے ہو رہی ہے۔کوئی نہیں جانتا۔اور اگر جانتا ہے تو زبان کھولنے پر تیار نہیں۔ملازمت کرنا ہر کارکن صحافی کی مجبوری ہے۔اس حوالے سے انہیں ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔ہا ں!مگر صحافی آداب کے کچھ تقاضے ہیں۔

جو مہذب افرادہر قسم کے حالات میں عمل کرنے کی کوشش ضرور کرتے ہیں۔نجی شعبے کی دیگر صنعتوں کی طرح میڈیا میں بھی مالکان اور ملازمین کے تعلقات بہت کم ہی مثالی ہوتے ہیں۔ایسے میں بیرونی مداخلت وہ عنصر ہے جو دونوں کو ایک ہو کر مقابلہ کر نے پر مجبور کردیتا ہے۔اسی لئے ہر سطح پر تنظیمیں قائم ہیں۔اس اتحاد کو پارہ پارہ اور میڈیا صنعت کو کمزور کرنے کے لئے ایک عرصہ سے مختلف ہتھیار آزمائے جا رہے ہیں۔ لڑاؤ اور حکومت چلاؤپالیسی کے تحت مالکا ن اور کبھی کارکنوں میں پھوٹ ڈالی جا رہی ہے۔

میڈیا کی صفوں میں بھی مختلف سطحوں پر موجود عناصر حکومتی حلقوں سے براہ راست رابطے میں رہ کر بے شمار فوائد حاصل کر رہے ہیں۔انہیں بھاری تنخواہوں اور مراعات پر مختلف اداروں میں نا صرف نوکریاں دلائی جاتی ہیں، بلکہ ان کی ملازمتوں کاتحفظ بھی کیا جاتا ہے۔ ایسے افراد مشکل کے وقت بظاہر اپنی برادری اور اداروں کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں، لیکن ان کی ڈوریں کہیں اور سے ہلائی جا رہی ہوتی ہیں اور وہ حتمی طور پر ان غیر صحافتی عناصر کے کارندے بننے کی ڈیوٹی ہی کرتے ہیں۔

صحافت کو کنٹرول کرنے کا حکومتی مشن ہو تو یہ عناصر خود حاضرہو کرسرکاری اداروں کو ”گائیڈ لائن“ دیتے ہیں۔مخبری تو ظاہر ہے کہ ہر طر ح کی کرتے ہیں۔ میڈیا انڈسٹری کو روندنے کیلئے جو پلان بنا اس کا ایک حصہ یہ بھی ہے کہ زیادہ تر ادارے بند کرا دئیے جائیں صرف انہیں ہی زندہ رہنے کا حق ملے جو راگ درباری الاپتے رہنے کی گارنٹی د ے دیں۔ صحافیوں کو بے روزگاراور آزاد میڈیا ہاؤسز کو مالی بحران سے دوچار ضرور کیا گیا،لیکن حکومت کو مطلوبہ نتائج نہیں مل رہے اور ان شاء اللہ ملیں گے بھی نہیں۔

اس لئے پہلے فواد چودھری کو وزارت اطلاعات سے ہٹا کر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا غیر منتخب مگر میڈیا فرینڈ لی چہرہ لانا سامنے مجبوری بن گیا۔خوفناک سنسر شپ کا سلسلہ مگر کسی طور کم نہیں ہوا۔آزاد چینلوں کو آف ائیر کرنا،اخبارات کی ترسیل روکنا،اشتہارات کی بندش کے تھرڈ کلاس حربے پوری ڈھٹائی سے آزمائے جارہے ہیں دوسر ی جانب پروفیشنل میڈیا مالکان کو دھونس اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔ ہر جائز اور نا جائز طریقے سے ان کا گھیراؤ کیا جارہا ہے۔ کارکن صحافی تو پہلے سے ہی ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں حکومتی حلقوں کی جانب اب یہ اڑایا جارہاہے کہ صحافیوں کی بھی گرفتاریاں ہو نگی۔

یہ کیسی دھمکی ہے؟ اگر ملک میں قانون نام کی کوئی شے موجود ہے تو ہر طرح کے جرم کرنے والے کو اس کے کئے کی سزا ملنا لازم ہے ہم توخود کہتے ہیں کہ ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں۔ہر کسی کو احتساب کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔ہاں مگر سلیکٹیڈ احتساب کرکے پروفیشنل آزاد منش صحافیوں کو ”طوق غلامی“پہننے پر مجبور کرنا بالکل ویسی ہی کارروائی ہے جو وسیع تر قومی مفاد کے نام پر ارکان اسمبلی کو مقدمات میں پھانس کر لوٹے بنانے کے لئے کی جاتی ہے۔

دنیائے صحافت اس بات سے پوری طرح واقف ہے کہ حکومت کے زیر سایہ کا م کرنے والے اینکر اور تجزیہ کار پوری طرح سے مفادات حاصل کر رہے ہیں ان میں سے کئی تو ہمیشہ حکمران ٹولے کے ساتھ ہوتے ہیں انہیں اشارہ کردیا جائے تو سٹیٹس کوکے مخالفین کو کاٹ کھانے دوڑتے ہیں۔ان میں سے کئی ایک کی وسیع و عریض جائیدادیں اور بنک بیلنس ہے۔ بعض کو غورسے دیکھا جا ئے تو صاف نظر آتا ہے کہ مفادات کا شوربہ،منہ اور آستینوں سے ٹپک رہا ہوتاہے۔حکومت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ میڈیا انڈسٹر ی میں موجودہ اپنے کارندوں کے ذریعے سب کچھ کنٹرول کر لے گی۔

یہ بحران بھی سیاسی،معاشی اور عدالتی بحران جیسا ہے جس کا کوئی سرا نہیں۔ ہفتہ کو ہونے والی تاجروں کی ملک گیر ہڑتال آنکھیں کھول دینے کے لئے کافی ہے اپنی صفوں میں سینکڑوں کی تعداد میں میر جعفر موجود ہونے کے باوجود تاجر برادری نے تاریخی ہڑتا ل کردکھائی،کئی مقامات پر سرکاری چمچے چانٹ بھی احتجاج کا حصہ بننے پر مجبور ہو گئے۔آج پوری دُنیا پاکستان کے اندرونی حالات سے واقف ہے۔ میڈیا کی آزادی کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو لندن میں جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا وہ محض ایک نمونہ ہے۔اندرون ملک معاملات زیادہ بگڑے تو پروفیشنل صحافی اور میڈیا کارکن نئی تاریخ رقم کرنے کے لئے تیار ملیں گے۔

مزید : رائے /کالم