کلبھوشن کے معاملے پر پاکستان قانون کی روشنی میں آگے بڑھے گا، ادارے قانون کی بالا دستی یقینی بنائیں حکومت مداخلت نہیں کرے گی: عمران خان 

      کلبھوشن کے معاملے پر پاکستان قانون کی روشنی میں آگے بڑھے گا، ادارے ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر، نمائندہ خصوصی، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان جمعرات کے روز ایک روزہ دورے پر لاہور آئے، دورہ لاہور کے دوران  انہوں نے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت وزراء اور تاجروں سے ملاقاتیں کیں‘پنجاب حکومت کے معاملات ’سیاسی ایشوز اور ملک کو درپیش مسائل کے حوالے سے بات چیت کی جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں، حکومت اداروں کے کام میں مداخلت نہیں کرے گی‘پنجاب میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں اور عوام کو صحت سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں ایوان وزیر اعلی میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جبکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات اورپنجاب کو عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جہاں محکمہ صحت نے وزیر اعظم عمران خان کو عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کیے جانیوالے اقدامات کے بارے آگاہ کیا ہے جبکہ وزیرِ اعظم عمران خان سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان  نے ملاقات کی جس میں وزیرا عظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، صدرلاہورچیمبرالماس حیدر، سینئرنائب صدرخواجہ شہزاد اور دیگر افراد شریک ہوئے تاجر رہنما ؤں و صنعت کاروں نے وزیر اعظم عمران خان کو انڈسٹریل زوننگ، کاروبار کو سہل بنانے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور وزیراعظم کوانڈسٹری پرلگائے گئے ٹیکسز پر اپنے تحفظات پیش کئے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے گور نر پنجاب اور وزیر اعلی پنجاب سمیت دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی تر جیح ملک کو معاشی مسائل‘مہنگائی‘بے روزگاری اور کر پشن جیسے مسائل سے نجات دلانا ہے جسکے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور قوم سے کیے جانیوالے وعدوں کے مطابق ملک کو تمام مسائل سے نجات دلا کرترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر یں گے۔تاجروں سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ انڈسٹری کے فر وغ کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں جب تک ٹیکس کانظام درست نہیں ہوگا،آگے نہیں بڑھ سکتے، مشکل حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں، ملک اس وقت مشکل حالات میں ہے تاجر اورعوام ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں، حکومت اداروں کے کام میں مداخلت نہیں کرے گی۔وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے شرکا کو آگاہ کیا اور کہا کہ جلد ہی کاروباری حضرات اس ضمن میں حکومتی کاوشوں کے نتائج سے مستفید ہوں گے۔انڈسٹریل زوننگ اور ٹاون پلاننگ کی اہمیت کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  ماضی میں ان کی اہمیت کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے آلودگی، بنیادی سہولیات کا فقدان اور دوسرے سماجی مسائل نے جنم لیا1960 کی دہائی کا پاکستان ایشیا میں بھرپور ترقی کر رہا تھا جس کی وجہ صنعتی ترقی تھی، بدقسمتی سے ہم ایک منفی مائنڈ سیٹ کا شکار ہو گئے اور خطے کے دوسرے ممالک ہم سے آگے نکل گئے ملکی ترقی کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے اس کی بدولت روزگار میسر ہو گا۔پنجاب حکومت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو شعبہ صحت کی بہتری کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن مومن آغا نے وزیراعظم کو ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے جاری منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیراعظم عمران خان نے صحت کے شعبے کے لیے مختص بجٹ اور وسائل کا موثر اور بطریق احسن استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے انتظام و انصرام کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔انصاف صحت کارڈ کا دائرہ کار صوبے کے پسماندہ علاقوں میں مزید بڑھایا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ خیبرپختونخوا ہ میں تحریک انصاف کی حکومت نے صحت کے شعبے میں جو کامیابیاں سمیٹیں، وہ ہماری حکومت کی اس شعبے کو ترجیح دینے کا عملی ثبوت ہے۔عام آدمی کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں جزا و سزا کا جامع نظام متعارف کروائیں۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد بھی موجود تھیں۔  وزیراعظم عمران خان کو پنجاب حکومت کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ   نے سماجی و معاشی ترقی، زراعت اور صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی،  عمران خان نے  وزیر اعلیٰ پنجاب کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے، مہنگاء پر قابو پانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری اقدامات کی ہدایت کی۔جمعرات کو مشیر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر سلمان شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو صوبہ پنجاب میں سماجی و معاشی ترقی، زراعت اور صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے)کی جانب سے کلبھوشن یادیو کو بھارت واپس نہ بھیجنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔جمعرات کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کا کمانڈر کلبھوشن یادیو کو بے گناہ قرار دے کر رہا اور بھارت کو واپس نہ بھجوانے کا فیصلہ قابل تحسین ہے،انہوں نے مز ید کہا کہ وہ پاکستانی عوام کے خلاف جرائم کا ذمہ دار ہے اور پاکستان قانون کی روشنی میں آگے بڑھے گا۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول


loading...