ایک اور سابق وزیراعظم گرفتار، نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں پکڑلیا، مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کیلئے چھاپے ناکام
اسلام آباد/لاہور (کرائم رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیان)نیب نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا،شاہد خاقان عباسی کو اسلام آباد لاہور موٹروے سے ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر گرفتار کر کے نیب لاہور کے دفتر منتقل کر دیاگیا جہاں سے نیب کی ٹیم نے انہیں اسلام آباد منتقل کر دیا،سابق وزیراعظم کا طبی معائنہ کیا گیا آج انہیں احتساب عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا۔جمعرات کو نیب راولپنڈی کی طرف سے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں طلب کیا گیا تھا تا ہم وہ نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی بجائے شہباز شریف کے ساتھ پریس کانفرنس کیلئے احسن اقبال کے ہمراہ لاہور کیلئے روانہ ہو گئے جس پر نیب ٹیم نے شاہد خاقا ن عباسی کا پیچھا کیا اور اسلام آباد لاہور موٹروے پر ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے،شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کے وارنٹ چیئرمین نیب نے پہلے سے جاری کر رکھے تھے، نیب کی ٹیم نے احسن اقبال کو جانے کی اجازت دے دی گئی اور شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا۔، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی ٹرمینل ون کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دے کر قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایاہے، اس کیس میں شاہد خاقان عباسی سابق وزیر پٹرولیم کی حیثیت سے گرفتار ہوئے ہیں جبکہ وزارت پٹرولیم کے دیگر افسران کو بھی گرفتار کیا جائے گا،شاہد خاقان عباسی دوران انکوائری تین بار نیب کے دفتر پیش ہوئے اور انہیں ایک تحریری سوالنامہ بھی دیا گیا لیکن تحریری سوالنامے کا جواب نہ ملنے پر شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا اور اس کیلئے پہلے انہیں طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا جس کی تعمیل نہ ہونے پر انہیں گرفتار کیا گیا۔دریں اثنانیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کوآگاہ کر دیا۔، ذرائع نے بتایاکہ شاہد خاقان عباسی کا نیب راولپنڈی میں طبی معائنہ کیا گیا،شاہد خاقان عباسی کا بلڈ شوگر، بلڈ پریشر اور دیگر ضروری ٹیسٹ کیے گئے۔ذرائع نے بتایاکہ نیب کی ٹیم نے شاہد خاقان عباسی کو ممکنہ ادویات کے استعمال کے حوالے سے معلو ما ت لی۔ شاہد خاقا ن عباسی کو گھر سے کپڑے بستر اور دیگر ضروری اشیاء منگوانے کی اجازت ہوگی۔ شاہد خاقان عباسی کو (آج) جمعہ کی صبح احتساب عدالت جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے پیش کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کی ابتدائی طور پر پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائیگی۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بعد نیب نے سا بق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا نیب کی جانب سے دونوں رہنمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے گئے کرا چی میں نیب نے مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تاہم غیر موجودگی کے باعث ان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔نیب افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد مفتاح اسماعیل کے گھر میں داخل ہو چکی ہے، ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل گھر کے اندر کافی دیرموجود رہی۔نیب ٹیم خواتین اہلکاروں کے ہمراہ مفتاح اسماعیل کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائشگاہ پہنچی تو ملازمین نے دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا۔ مفتاح اسماعیل کے سیکیورٹی سپروائزر نے نیب ٹیم کو روک دیا اور کہا کہ مشاورت کے بغیر دروازہ نہیں کھول سکتا۔ مفتاح اسماعیل کا موبائل فون دوپہر بارہ بجے سے بند ہے جس کی وجہ سے ان کی لوکیشن ٹریس نہیں ہو رہی تھی، پہلے مرحلے میں مفتاح اسماعیل کے گھر چھاپہ مارا گیا جبکہ ان کے آفس بھی نیب گئی۔ نیب ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل نیب کیساتھ تعاون نہیں کر رہے تھے۔
عباسی گرفتار