بیمہ پالیسی سے کاشتکاروں کا معاشی تحفظ یقینی، حکومتی اقدامات نتیجہ خیز ہوں گے: عثمان بزدار

  بیمہ پالیسی سے کاشتکاروں کا معاشی تحفظ یقینی، حکومتی اقدامات نتیجہ خیز ہوں ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہا ہے کہ بیمہ پالیسی کے آغاز سے کاشتکاروں کو معاشی تحفظ فراہم کررہے ہیں اور زراعت میں پاکستان تحریک انصا ف کی حکومت کے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب میں زراعت اورکاشتکار کو نئی جدت سے روشناس کرایا جائے گا۔ ایگری کریڈٹ کارڈ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اختراعی اقدام ہے۔ ایگری کریڈٹ کارڈ کے ذریعے کاشتکار کو گندم اورگنے سمیت دیگر اجناس کی براہ راست ادائیگی ہوگی اورکاشتکار کو ایگری کریڈٹ کارڈکے ذریعے امدادی نرخ پر زرعی مداخل مہیا کیے جاسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیہات میں ”ہائی ویلیو کراپ“کلچر کو فروغ دیا جائے گا اورروایتی فصلوں کی بجائے منافع بخش اجناس کی کاشت سے کسان خوشحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیر ہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں زیتون کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا۔پنجاب میں یوتھ انٹرن شپ کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار اورکاشتکار کو اچھی فصل ملے گی۔ فلوری کلچرکے ذریعے کاشتکار کم محنت اورلاگت سے اچھا معاوضہ حاصل کرسکتا ہے۔شہد کی پیداوار میں اضافے سے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیسنل (Medicinal) کراپ سے نہ صرف مقامی دوا سازی کی صنعت فروغ پائے گی بلکہ زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔محکمہ صنعت سے متعلق منعقدہ اجلاس میں محکمہ صنعت کے تحت مختلف شہروں میں مقامی صنعتوں کے فروغ اورروزگار کی فراہمی کیلئے خصوصی بازار کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ ریڑھی کلچر ختم کر کے خصوصی بازاروں میں خوبصورت اوریکساں طرز کے سٹالز لگائے جائیں گے اور خصوصی بازاروں میں خریداروں کے ساتھ آئے بچوں کی تفریح کیلئے جوائے لینڈ بھی بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نئی انڈسٹریل پالیسی پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔چند سال میں صوبے بھر میں 15لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔روایتی ٹیکنیکل ایجوکیشن کی بجائے جرمن اورسویڈش ماڈل کی طرز پرنیاٹیکنیکل نصاب لارہے ہیں۔ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بعد ہر طالبعلم کو انڈسٹریز میں آن لائن ٹریننگ کرائی جائے گی۔وزیرآباد اورگوجرانوالہ میں انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام سے مقامی کاریگروں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔تاجر برادری کی سہولت کیلئے پنجاب بزنس رجسٹریشن پورٹل قائم کیا گیا ہے۔

سردارعثمان بزدار

مزید : صفحہ اول