گورنرسندھ کایو آئی ٹی کے طلباء کو درکار فنڈز دینے کا اعلان

  گورنرسندھ کایو آئی ٹی کے طلباء کو درکار فنڈز دینے کا اعلان

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے عثمان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کراچی کے چار رکنی طلباء پر مشتمل وفد نے پروفیسر ڈاکٹر شعیب زیدی کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں گروپ لیڈر بلال خان، صدف خان، فدضیلہ اور ایچ ایم مبشر غفار شامل تھے۔ملاقات میں طالب علموں نے گورنر سندھ کو قوت سماعت و گویائی سے محروم افراد کے لئے اسپیچ جنریشن گلوو متعارف کروایا، اس گلوو کے استعمال سے سائن لینگویج کو عام آدمی باآسانی سمجھ سکے گا،SG Glove متعارف کروانے کا بنیادی مقصد اسپیشل افراد کی روزمرہ زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ قوت سماعت و گویائی سے محروم افراد کے لئے متعارف کروایا جانے والا ایس جی گلوو قابل ستائش کام ہے، پاکستانی سائن لینگویج کے استعمال کے لئے مقامی سطح پر کم لاگت سے تیار کئے جانے والا ایس جی گلوو اسپیشل افراد کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذہین اور ٹیلنٹڈ طلباء و طالبات ہی ملک کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں، اس ضمن میں ذہین طلباء و طالبات کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی یقینی بنائی جارہی ہے، ایسے ذہین طلباء معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں مدد گار ثابت ہورہے ہیں۔  بعد ازاں طلباء نے گورنر سندھ سے بین الاقوامی مقابلے میں حصہ لینے کے لئے درکار فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کی، جس پر گورنر سندھ نے Stamford International University, Thailand میں IEEE-YESIST12-2019 Competitionمیں حصہ لینے کے لئے عثمان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے طلباء کو درکار فنڈز دینے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر عثمان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر شعیب زیدی نے طلباء کو درکار فنڈز دینے کے اعلان پر گورنرسندھ کا شکریہ اداکیا۔

مزید : صفحہ اول