کیماڑی سے مغوی نومولود بحفاظت بازیاب، اغوا کار گرفتار

کیماڑی سے مغوی نومولود بحفاظت بازیاب، اغوا کار گرفتار

  



کراچی(کرائم رپورٹر)پیرآباد انوسٹی گیشن پولیس نے کیماڑی میں کارروائی کرتے ہوئے 3 روز قبل اغوا کیے جانے والے نومولود بچے کو بازیاب کرکے اغوا کار کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی انوسٹی گیشن ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزم مغوی بچے کی والدہ سے شادی کرنا چاہتا تھا اور شادی سے انکار پر ملزم نے انتقاما بچے کو اغوا کیا۔ تفصیلات کے مطابق 13 جولائی کو پیرآباد تھانے کی حدود سے 8 دن کے نومولود حذیفہ کو اغوا کر لیا گیا تھا جس کا مقدمہ الزام نمبر 188/19 بجرم دفعہ 363/34 کے تحت درج کیا گیا تھا، مقدمے میں ملزم خالد خان ولد جاوید خان اور اس کے ساتھی کو نامزد کیا گیا تھا جوکہ واردات کے وقت موٹر سائیکل چلا رہا تھا، پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد تفتیش انوسٹی گیشن پولیس کے سپرد کر دی تھی گزشتہ روز پیر آباد انوسٹی گیشن پولیس نے کیماڑی میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی نومولود کو بحفاظت بازیاب کرکے بچے کے اغوا میں ملوث اغوا کار خالد خان کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی انوسٹی گیشن ویسٹ عابد علی بلوچ کے مطابق گرفتار اغوا کار نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ مغوی نومولود حذیفہ کی والدہ سے شادی کرنا چاہتا تھا اور شادی سے انکار پر اس نے انتقاما بچے کو اغوا کیا، ملزم نے بتایا کہ انہوں نے مغوی بچے کو کیماڑی میں رکھا ہوا تھا اور وہیں سے اس کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...