کراچی میں ہونیوالی ہلکی بارش سے موسم خوشگوارہوگیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی صبح سویرے ہونے والی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔کراچی میں گزشتہ کئی دنوں سے ہی بادلوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے تھے جبکہ جمعرات کی صبح ہونے والی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی اور کراچی کے باسیوں نے ابرِ رحمت برسنے پر خدا کا شکرادا کیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلشن اقبال، اسکیم 33، سپرہائی وے، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی اور سرجانی ٹاؤن میں ہلکی بارش ہوئی۔سرجانی ٹاؤن میں 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے۔دوسری جانب شہر میں ہونے والی ہلکی بارش نے کے الیکٹرک کا پول کھول دیا اور بارش شروع ہوتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔