جعلی زرعی ادویات کے خاتمہ کیلئے آپریشن تیز

  جعلی زرعی ادویات کے خاتمہ کیلئے آپریشن تیز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (بیورورپورٹ) پنجاب بھر میں جعلی زرعی ادویات کے خاتمہ کے لئے آپریشن کریک ڈاؤ ن تیز کر دیاگیاہے جبکہ مختلف مقامات سے لاکھوں روپے کی جعلی زرعی ادویات بھی برآمدکر لی گئی ہیں۔ محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ وزیرا علیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر میں جعلی و غیر معیاری اور ناقص زرعی ادویات بنانے و فروخت کرنے والے افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔انہوں نے بتایاکہ محکمہ زراعت پنجاب کے حکام کو مذکورہ مہم کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ زراعت پنجاب جعلی زرعی ادویات اور کھادوں میں ملاوٹ کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر گامزن ہے اورجعلی زرعی ادویات کے خلاف جاری مہم کے نتیجہ میں زرعی ادویات میں ملاوٹ کے مرتکب افراد کا گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے جس سے صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ اعلیٰ حکام جعلی زرعی ادویات کے خلاف مہم کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کاشتکاروں کوہدایت کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور محکمہ زراعت کے مقامی افسران سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ جعلسازوں کو کیفرکردار تک پہنچانے سمیت سرسبز زرعی انقلاب لانے کا خواب شرمندہ تعبیر کیاجاسکے۔

مزید :

کامرس -