ہڑتالیں ختم کرنے کیلئے نتیجہ خیز مذاکرات کئے جائیں، بزنس مین پینل

  ہڑتالیں ختم کرنے کیلئے نتیجہ خیز مذاکرات کئے جائیں، بزنس مین پینل

  



لاہور(نیوز رپورٹر)سیکرٹری جنرل بزنس مین پینل سینیٹر حاجی غلام علی نے ببز نسمین پینل کور کمیٹی کے اجلاس کی تفصیلات میڈیا کے نمائندوں کو بتاتے ہوئے کہا کہ بہت جلد بزنسمین پینل کی طرف سے  ایف پی سی سی آئی  کے دسمبر میں ہونیوالے الیکشن کے لئے مظبوط شخصیت کے حامل امیدواران کا اعلان کر دیا جائے گا جو تجربے کی بنیاد پر اپنے شعبوں میں اعلیٰ مقام رکھتے ہونگے۔حاجی غلام علی نے کہا کہ آج جب پاکستان کی بزنس کمیونٹی پوسٹ بجٹ حالات پر سراپا احتجاج ہے تو فیڈریشن بالکل بے بس نظر آئی ہے۔  انھوں نے کہا کہ فیڈریشن چیمبرز میں برسر اقتدار یونائیٹڈ گروپ یو بی جی کسی خوس فہمی میں نہ رہے کہ انھیں ملکی کی بزنس کمیونٹی کی سپورٹ حاصل ہے، ایسی بات بالکل نہیں ہے بلکہ پاکستان بھر کا کاروباری طبقہ یو بی جی سے بد ظن ہو چکا ہے، یو بی جی کیطرف سے مسلسل ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے کہ چار سال پہلے فیڈریشن کا خزانہ بالکل خالی تھا اور اب بھر دیا گیا ہے یہ سراسر جھوٹ اور منافقانہ بات ہے جس سے بزنس کمیونٹی کوگمراہ کیا گیا اور ہنوز کیا جارہا ہے۔حاجی غلام علی نے کہا کی یوبی جی فیڈریشن چیمبرز کے لئے دفاتر اور بلڈنگز کا کریڈٹ لے رہی ہے یہ بھی جھوٹ ہے یہ تو بزنسمین پینل کی کاوشوں کا تسلسل تھا جو کہ حکومت اور بزنس کمیونٹی کے تعاون سے فیڈریشن دفاتر کے لئے بلڈنگز بنائی گئیں، کراچی اسلام آباد اور پشاور میں فیڈریشن چیمبرز کے لئے بلڈنگز بنانا اور پلاٹ لینا بزنس مین پینل کی کاوشوں کا تسلسل تھا اور یہ احسان نہیں تھا یہ ہمارا فرض تھا۔ انھوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد تاجر کنفیوز اور پریشان ہے اور مزید یہ کہ فیڈریشن چیمبرز کی طرف سے بزنس کمیونٹی کے حق میں کوئی آواز نہیں اٹھائی جا رہی۔بزنسمین پینل اس سلسلے میں چیمبرز اور ایسوسی ایشنز سے رابطے کرے گا تاکہ ایف پی سی سی آئی کا وقار بحال ہو سکے۔ اس موقع پر بزنسمین پینل کے مرکزی ترجمان احمد جواد نے کہاہے کہ حکومت بزنس کمیونٹی کے ساتھ معنی خیز مذاکرات کرے تاکہ ہڑتالوں کا سلسلہ رک سکے اور تاجروں میں بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑی مارکیٹیں بند ہو جانے سے ایک دن میں کروڑوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ تاجر ملک کا سرمایہ ہیں اور اس وقت ملک میں کاروباری مندے کی وجہ سے ملکی معیشت اور برآمدات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ 

حکومت مشینری کو رواں دواں رکھنے کے لیے بزنس کمیونٹی کے تمام طبقات زیادہ ریونیو فراہم کرتی ہے لہٰذابزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے سازگار ماحول ملک کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے بہت ضروری ہے۔ احمد جواد نے مزید کہا کہ ان نازک حالات میں ایف پی سی سی آئی کی خاموشی اپنے ممبرز کے ساتھ ایک کھلواڑ ہے جس کو ملک کی بزنس کمیونٹی یاد رکھے گی اورالیکشن کے موقع پر وفاقی چیمبر میں برسر اقتدار یونائیٹڈ بزنس گروپ کاگریبان پکڑے گی اور اُن سے پوچھا جائے گا کہ آپ نے اس مشکل حالات میں ہمارا مقدمہ بجٹ پاس ہونے سے پہلے اور بجٹ تجاویز کے موقع پر کیوں نہیں لڑا۔فیڈریشن چیمبر ملک کی سب سے بڑی تجارتی تنظیم ہے یہ اُس کا فرض تھا کہ وہ ایک ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور تاجروں کا مقدمہ لڑتی۔وہ شاید یہ بھول گئے کہ FPCCIمیں سمال چیمبرز آف کامرس اور سمال ٹریڈ ایسوسی ایشن بھی اس کے ممبر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن کی گرتی ہوئی ساکھ اور UBGکی لاپرواہی نے اس ملک کے تاجروں کو رسوا کیا ہے۔ آج کے حالات کے ذمہ دار UBGکے عہدیداران ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی ذمہ داری میں سخت غفلت کا مظاہرہ کیا اور صرف بے معنی تقاریب کا انعقادکیا اپنے ذاتی مفادات کے لیے جس کا کمیونٹی کو صفر فیصد فائدہ ہوا۔ 

مزید : کامرس


loading...