عوام اجتماعی منصوبے اپنے معمولی رنجشوں کے بھینٹ نہ چڑھائیں،اے سی کوہاٹ

عوام اجتماعی منصوبے اپنے معمولی رنجشوں کے بھینٹ نہ چڑھائیں،اے سی کوہاٹ

  



پشاور(سٹاف رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ فرقان اشرف نے ڈپٹی کمشنر مطیع اللہ خان کی ہدایت پرجمعرات کے روز ویلج کونسل شیر کوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاجس میں ڈسٹرکٹ کونسلر مصور حسین، منتخب نمائندوں،سرکاری محکموں کے سربراہوں اور عوام نے شرکت کی۔ ملک اشتیاق اور دوسروں نے تفصیلاً علاقے کے اجتماعی اور انفرادی مسائل پیش کئے۔ متعلقہ محکموں کے حکام نے موقع پرہرمسئلے کے حل کیلئے اپناموقف پیش کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے خطاب میں عوام پرزوردیاکہ وہ علاقے کے اجتماعی منصوبے اپنے معمولی رنجشوں یا ذاتی پسند ونا پسند کے بھینٹ نہ چڑھائیں بلکہ سب مل کر علاقے کی ترقی وخوشحالی کیلئے مشترکہ طورپر کام کریں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے حکام کو شیر کوٹ کے مقامی ایریگیشن واٹر چینل کی بھل صفائی، ٹی ایم اے کو عید الاضحی اورمحرالحرام کے علاوہ ہرہفتے صفائی کا خصوصی مہم چلانے،پینے کے پانی کے پائپ لائنز کے لیکج فوری طورپر بند کرنے،غیر سرکاری ٹیوب ویلز کو تحویل میں لینے کیلئے لائحہ عمل بنانے اورتعلیمی اداروں میں جاری تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر نے پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے حکام کو عوام کے ساتھ بیٹھ کر کھلی کچہری میں اٹھائے گئے مسائل حل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اسی طرح محکمہ مال زمینوں کے انتقالات میں علاقے کے ملکان اور مشران کواعتماد میں لیں۔فرقان اشرف نے عوام سے کہا کہ اگر یہاں پر اٹھائے گئے مسائل مقررہ وقت میں حل نہ ہوئے تو وہ کسی بھی وقت ان سے دفترمیں رابطہ کرسکتے ہیں۔ یہاں پر کئے گئے ہر فیصلے پرمن وعن عملدرآمد ہوگاحکم عدولی کاسوال ہی پیدانہیں ہوتا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...