”سرفراز کو ہٹا کر اس کھلاڑی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنا دو“ جاوید میانداد نے ایسا نام لے لیا کہ آپ بھی کشمکش کا شکار ہو جائیں

”سرفراز کو ہٹا کر اس کھلاڑی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنا دو“ جاوید میانداد نے ...
”سرفراز کو ہٹا کر اس کھلاڑی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنا دو“ جاوید میانداد نے ایسا نام لے لیا کہ آپ بھی کشمکش کا شکار ہو جائیں

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019ءمیں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد جہاں کوچنگ سٹاف کی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے تو وہیں ٹیسٹ کرکٹ اور محدود اوورز کی کرکٹ کیلئے الگ الگ کپتان کی باتیں بھی گردش کر رہی ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی اس کی ناقص کارکردگی کے باعث رن ریٹ پر منحصر تھی تاہم نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم بہتر رن ریٹ کی بدولت سیمی فائنل میں پہنچ گئی اور پھر بھارت کو شکست دے کر فائنل بھی کھیلا۔ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کا آغاز ہی خاصا برا رہا اور ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ملنے والی عبرتناک شکست نے رن ریٹ کا ایسا ’بیڑہ غرق‘ کیا کہ دوبارہ سنبھلنے کا موقع ہی نہ مل سکا۔

پاکستان کے مایہ ناز سابق کپتان جاوید میانداد نے سرفراز احمد کی جگہ بابراعظم کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کا مشورہ دیدیا ہے جو ورلڈکپ میں پاکستان کے سب سے بہترین بلے باز ٹھہرے جنہوں نے 67 سے زائد کی اوسط کیساتھ 474 رنز بنائے جن میں نیوزی لینڈ کیخلاف میچ وننگ سنچری اور تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

اگرچہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی کیلئے عماد وسیم اور محمد حفیظ کے نام بھی زیر گردش ہیں تاہم جاوید میانداد کا خیال ہے کہ کپتانی کسی ایسے کھلاڑی کو ملنی چاہئے جسے یہ ذمہ داری پہلے نہ ملی ہو۔ بابراعظم اس وقت پاکستان کا سب سے بہترین بلے باز ہیں اور لمبے عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرتے بھی نظر آتے ہیں۔

جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ”پی سی بی کو پاکستان کرکٹ کی بہترین کیلئے ترجیحات بدلنا ہوں گی اور یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ آگے بڑھنا ہے یا مزید زوال پذیر ہونا ہے۔ ورلڈکپ کے بعد اب ہمیں ایک نئے چہرے کیساتھ نیا آغاز لینا ہے اس لئے بابراعظم ون ڈے ٹیم کی کپتانی کیلئے بہترین انتخاب ہو سکتے ہیں۔“

مزید : کھیل