ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی، سری لنکن کرکٹ میں بھی ’تبدیلی‘ آ گئی
کولمبو (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکا کے وزیر کھیل نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019ءمیں سری لنکن ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ٹیم کے کوچ کو ہٹانے کا حکم دیدیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن ٹیم کے کوچ چندیکا ہتھوروسنگا اور ان کے اسسٹنٹ بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کے بعد فارغ کر دئیے جائیں گے۔ وزیر کھیل ہرین فرنینڈو نے کوچز سے کہا ہے کہ آپ لوگوں کو بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کے بعد چلے جانا چاہئے جبکہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وزیر کھیل ورلڈکپ سے پہلے ہی تبدیلیاں کرنا چاہتے تھے۔
ورلڈکپ میں شرکت کے بعد سری لنکا واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن کوچ کا کہنا تھا کہ میری مدت پوری ہونے میں ابھی 16 مہینے باقی ہیں اور مجھے امید ہے کہ مدت پوری ہونے تک میں کام کرتا رہوں گا جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ میگا ایونٹ میں ناقص کارکردگی کی ذمہ داری ٹیم انتظامیہ کو قبول کرنی چاہئے۔