وزیراعظم کے ساتھ عسکری قیادت بھی امریکہ آئیگی ، شاہ محمود قریشی

وزیراعظم کے ساتھ عسکری قیادت بھی امریکہ آئیگی ، شاہ محمود قریشی
وزیراعظم کے ساتھ عسکری قیادت بھی امریکہ آئیگی ، شاہ محمود قریشی

  



واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ عسکری قیادت بھی امریکہ آرہی ہے ، صدر ٹرمپ خود وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کریں گے ۔

جیونیوز کے مطابق واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وائٹ ہاوس میں ٹرمپ خود وزیراعظم عمران خان کا استقبال اور انکے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، امریکی صدر اور وزیراعظم کے درمیان دو نشستیں ہونگی۔ دورہ امریکہ کے دوران عسکری قیادت بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہو گی۔امریکہ کے ساتھ موجودہ سربراہ ملاقات پانچ سال بعد ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کاروباری افراد، ورلڈ بینک حکام، امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی جبکہ کستانی کمیونٹی سے بھی ملیں گے۔ پاکستانی وزیراعظم پہلی بار کمرشل فلائٹ پر امریکہ آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے سی پیک میں سرمایہ کاری پر کوئی تحفظات نہیں ہیں۔ بہت سے ممالک کی خواہش تھی کہ پاکستان کو تنہا کیا جائے جس میں ہمارے حریف ممالک ناکام ہو گئے۔ ایف اے ٹی ایف کے دیئے گئے نکات پر کام کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات یکطرفہ نہیں ہیں۔ باہمی مفادات ہوتے ہیں جن پر تبادلہ خیال ضروری ہوتاہے ۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکہ کیساتھ تعلقات کچھ عرصے سے اچھے نہیں، دو طرفہ تعلقات کو پس پشت پر ڈال دیا گیا جبکہ افغانستان کے تنازع کو اہمیت دی گئی۔ ہمارے جن علاقوں کو علاقہ غیر سمجھا جاتا تھا ہماری پاک فوج نے وہاں آپریشن کر کے دہشتگردوں کا خاتمہ کیا، اب ملک میں کوئی نوگو ایریا نہیں ہے۔ دہشتگردی کا خاتمہ کیا جا چکاہے ۔

مزید : قومی