وزیراعظم کا کام اردو گرائمر ٹھیک کرانا نہیں، ملک چلانا ہے: مولا بخش چانڈیو

وزیراعظم کا کام اردو گرائمر ٹھیک کرانا نہیں، ملک چلانا ہے: مولا بخش چانڈیو
وزیراعظم کا کام اردو گرائمر ٹھیک کرانا نہیں، ملک چلانا ہے: مولا بخش چانڈیو

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم پر بلاول بھٹو زرداری کا خوف طاری ہے، عمران خان کا کام کسی کی اردو گرائمر ٹھیک کرنا نہیں ملک چلانا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئےمولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا  کہ ملک آپ سے چل نہیں رہا اور آپ چلیں ہیں لوگوں کی اردو ٹھیک کرنے،وزیراعظم بتائیں کہ وہ کیسے اپنی پرائیویٹ ٹرسٹ کیلئے فنڈ ریزنگ کرتے پھر رہے ہیں؟۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ایماندار ہیں تو بتائیں کہ ان کے دور میں سرمایہ کاری کیوں کم ہو گئی ہے؟ اب لوگ الزام نہیں جواب اور کارکردگی چاہتے ہیں،آپ کی تصوراتی ترقی سے لوگ تنگ آ کر سڑکوں پر آ چکے ہیں ۔

واضح رہے کہ میانوالی میں ہسپتال کے سنگ بنیاد  کے موقع پروزیر اعظم عمران خان نے  بلاول بھٹو زرداری کی اردو زبان بولنے کی صلاحیت پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ انیل مسرت کہتے ہیں ان کی اردو اچھی نہیں لیکن ان کی اردو بلاول بھٹو زرداری سے بہتر ہے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد