ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال موخر!

ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال موخر!

  

پٹرولیم ڈویژن کی بروقت مداخلت کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا نیا بحران ٹل گیا اور مطالبات پر مذاکرات وفاق کے وعدے کے بعد ٹینکرز ایسوسی ایشن نے اپنی ہڑتال موخر کر دی، جو گزشتہ روز سے شروع ہونا تھی۔ یہ مذاکرات کل (پیر) کو ہوں گے۔ ٹینکرز ایسوسی ایشن نے انکم ٹیکس اور کراچی سے منزل تک ٹول ٹیکس وصول کئے جانے کے خلاف ہڑتال کی دھمکی دی تھی۔ ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مطابق وہ بار برداری کا کام کرتے اور ان کو مقررہ نرخوں کے حوالے سے معاوضہ ملتا ہے، جبکہ انکم ٹیکس کے علاوہ ان سے ہر ضلع میں قائم ٹال چوکیوں پر ٹال ٹیکس بھی وصول کیا جاتا ہے جو ہر ضلع میں دینا پڑتا ہے۔ ایسوسی ایشن نے دھمکی دی تھی کہ گزشتہ روز (ہفتہ) سے ملک گیر سطح پر ہڑتال کی جائے گی۔ اس کے جواب میں شاید تاریخ میں پہلی بار کسی محکمے نے تیزی دکھائی اور ٹینکرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے رابطہ کرکے ان کے مطالبات پر ہمدردی سے غور کا وعدہ کیا اور دعوت دی کہ پیر کو مذاکرات کر لیں۔ ایسوسی ایشن نے یہ منظور کرکے ہڑتال موخر کر دی، ماضی میں کئی بار ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کہ ان سے پہلے بات چیت نہ کی جاتی تھی، چنانچہ پٹرولیم کی ترسیل میں تعطل آ جاتا تھا، جو کئی دن تک معمول پر نہ آتا۔ جب بعد میں مذاکرات کرنا ہوتے ہیں تو پہلے ہی کر لئے جائیں۔ اس سے وقتی بحران بھی پیدا نہیں ہوگا، امید کی جانا چاہیے کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے اور فریقین ایک دوسرے کی جائز بات تسلیم کریں گے۔

مزید :

رائے -اداریہ -