کورونا کے معیشت پراثرات زائل کرنے کیلئے تھنک ٹینک ناگزیر: پرویز حنیف

  کورونا کے معیشت پراثرات زائل کرنے کیلئے تھنک ٹینک ناگزیر: پرویز حنیف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) کورونا وبا کے معاشی اثرات کو زائل کرنے کی منصوبہ بندی کیلئے حکومتی سطح پر تھنک ٹینک کی طرز پر فورم بنایا جائے۔ وفاقی حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کرے، پاکستان کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر مین پرویز حنیف نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے معاشی آفٹر شاکس آنا باقی ہیں جس کیلئے پیشگی تیاری کی ضرورت ہے. معاشی منفی اثرات کو زائل کرنے کی منصوبہ بندی کیلئے حکومتی سطح پر تھنک ٹینک کی طرز پر فورم بنایا جائے جو اپنی سفارشات مرتب کرے۔ ملک کی معیشت کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے جس کیلئے مزید جامع کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پرویز حنیف نے کہا کہ بڑی معیشتیں بھی موجودہ حالات سے باہر نکلنے اور مستقبل کے حوالہ سے دن رات منصوبہ بندی میں مصروف ہیں اور اس کے لئے مشاورت کا عمل جاری ہے اور ہمارے ہاں بھی اسی طرز کے اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہمیں روزانہ کی بنیاد پر سوچ بچار کی ساتھ طویل المدت پالیسی بھی مرتب کرنا ہو گی تاکہ کورونا وائرس کے معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کو زائل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو اب مستقبل میں اس طرح کی کسی بھی نا گہانی آفت کو پیش نظر رکھ کر اپنی پالیسیاں تیار کرنا ہوں گی اورخصوصاً مختلف شعبوں اور اس میں کام کرنے والوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے۔
تاکہ انہیں اس طرح کے مشکل حالات سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو فی الفور اعلیٰ سطح کے وفود چین سمیت دیگر ممالک روانہ کرنے چاہئیں جو وہاں پر معیشت کی دوبارہ بحالی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہی حاصل کریں اور ہمیں بھی ان اقدامات کی پیروی کرنی چاہیے۔

مزید :

کامرس -