ملک میں کورونا سے مزید 39اموات، 1425نئے مریض رپورٹ، دنیا بھر میں ہلاکتیں 6لاکھ، متاثرین 1کروڑ 43لاکھ سے تجاوز کر گئے

  ملک میں کورونا سے مزید 39اموات، 1425نئے مریض رپورٹ، دنیا بھر میں ہلاکتیں ...

  

اسلام آباد،لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفر آباد، گلگت بلتستان (سٹاف رپورٹرز،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ملک میں کورونا سے 39 مزید افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 5554 ہوگئی جبکہ 1444 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 262797 تک جاپہنچی۔اب تک پنجاب میں 2067، سندھ میں 1974اور خیبر پختونخوا میں 1130 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ اسلام آباد میں 157، بلوچستان میں 131، آزاد کشمیر میں 46 اور گلگت بلتستان میں 39افراد کا انتقال ہوا ہے۔گزشتہ روزملک بھر سے کورونا کے مزید 1425 کیسز اور 30 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن میں سندھ سے 880 کیسز اور 22 اموات، پنجاب سے 442کیسز 8 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 50، گلگت سے 21 اور آزاد کشمیر سے 32 کیسز سامنے آئے تاہم رب تعالی کے فضل و کرم سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔پنجاب سے کورونا کے 442 کیسز اور 8 ہلاکتوں کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی۔سرکاری پورٹل کے مطابق پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی کْل تعداد 89465 اور ہلاکتیں 2067 ہو چکی ہیں۔صوبے میں اب تک کورونا کے 65009 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 50 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 14504 اور ہلاکتیں 157 ہوگئیں۔اس کے علاوہ شہر میں کورونا سے صحتیاب ہونیوالوں کی تعداد 11708 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان سے کورونا کے مزید 21 کیسز رپورٹ ہوئے، جن کی تصدیق سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی۔پورٹل کے مطابق گلگت میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 1796 جبکہ وہاں اموات کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔گلگت میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1409 ہے۔آزاد کشمیر سے کورونا کے مزید 32کیسز سامنے آئے۔آزاد کشمیر میں اب تک مجموعی طور پر 1840افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ وہاں اموات کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔آزاد کشمیر میں اب تک کورونا سے1094 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔سندھ سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 880 نئے کیسز اور 22 ہلاکتیں ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔سندھ میں کورونا کیسز کی کل تعداد 112118 جبکہ اب تک 1974 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔اس کے علاوہ صوبے میں اب تک 91383 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں کورونا کے باعث اب تک 11405 متاثر اور 131 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 8313 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے بھر میں کورونا وائرس کے مزید 221 کیسز اور 9 اموات کا اضافہ ہوا ہے۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 31 ہزار 890 جبکہ اموات کی تعداد ایک ہزار 139 ہوچکی ہے۔اعداد وشمار کے مطابق مزید ایک ہزار 715 متاثرین صحت یاب ہوئے اور صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 24 ہزار 588 ہوگئی ہے۔

کورونا پاکستان

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 43 لاکھ 40 ہزار 256 تک جا پہنچی جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 6 لاکھ 4 ہزار 449 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 51 لاکھ 24 ہزار 728 مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 59 ہزار 858 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 84 لاکھ 71 ہزار 79 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 42 ہزار 64 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 37 لاکھ 70 ہزار 12 ہو چکی ہے۔کورونا وائرس کے امریکہ میں 18 لاکھ 86 ہزار 715 مریض ہسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 16 ہزار 660 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 17 لاکھ 41 ہزار 233 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں یہ وائرس 77 ہزار 932 زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 20 لاکھ 48 ہزار 697 تک جا پہنچی ہے۔بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کیساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، جہاں کورونا سے 26 ہزار 291 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 40 ہزار 746 ہو گئی۔کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 12 ہزار 123 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 59 ہزار 203 ہو چکی ہے۔پیرو میں کورونا کے باعث 12 ہزار 799 ہلاکتیں اب تک ہو چکی ہیں جبکہ یہاں کورونا کیسز 3 لاکھ 45 ہزار 537 رپورٹ ہوئے ہیں۔ساوتھ افریقہ میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 4 ہزار 804 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 3 لاکھ 37 ہزار 594 رپورٹ ہوئے ہیں۔میکسیکو میں کورونا وائرس سے کْل اموات کی تعداد 38 ہزار 310 ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز 3 لاکھ 31 ہزار 298 ہو گئے۔چلی میں کورونا وائرس سے مرنیوالوں کی تعداد 8 ہزار 347 ہو گئی جبکہ کورونا کے کْل کیسز 3 لاکھ 26 ہزار 539 ہو گئے۔سپین میں کورونا وائرس کی وباء سے اموات 28 ہزار 420 ہو گئیں جبکہ اب تک اس کے 3 لاکھ 7 ہزار 335 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 45 ہزار 233 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 239 ہو چکی ہے۔ایران میں کورونا وائرس سے مرنیوالوں کی کل تعداد 13 ہزار 791 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 2 لاکھ 69 ہزار 440 ہو گئے۔سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 2 ہزار 407 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 45 ہزار 851 تک جا پہنچی ہے۔چین جہاں دنیا میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا وہاں کورونا وائرس پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور روزانہ صرف چند نئے کورونا مریض سامنے آتے ہیں جبکہ اس سے اموات میں کافی عرصے سے کوئی اضافہ سامنے نہیں آیا۔چین میں کورونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 644، اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔

کورونا دنیا

مزید :

صفحہ اول -