عثمان بزدار کا شہری حدود میں مویشیوں کی خریدو فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

عثمان بزدار کا شہری حدود میں مویشیوں کی خریدو فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عید الاضحی پرکورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر من و عن عمل کرنا ضروری ہے۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم،حکومت کی مخلصانہ کاوشوں اورعوام کے تعاون سے کورونا کا پھیلاؤروکنے میں مدد ملی ہے۔ عوام کو عید الاضحی پراحتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیئے۔شہری حدود میں مویشیوں کی خرید و فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم۔ انہوں نے کہا کہ گھر میں رہیں محفوظ رہیں پر عمل کر کے شہری خود کو اور دوسروں کو کورونا سے بچائیں۔ عوام کے تعاون سے ہی کورونا پر قابوپایا جا سکے گا۔میل جول جتنا کم ہو گا، اتنا ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہو گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا پر منفی سیاست کر کے قوم کو تقسیم کر نے کی ناکام کوشش کی۔ پاکستانی قوم منفی سیاست کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ وزیراعظم عمران خا ن کی قیادت میں حکومت کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کا میاب ثابت ہوئی ہے۔تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصرکو اب چپ کاروزہ رکھ لینا چاہئے۔سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔ پنجاب میں اب تک متاثرہ مریضوں کی تعداد 89465 ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 65009 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔پنجاب میں اب تک 634246 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 8 افراد کورونا سے جاں بحق اور 442 مریض کورونا سے متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ پنجاب میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس کی تعداد 2546 ہے جن میں 2240 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس خالی ہیں اور اسی طرح پنجاب میں 600آئی سی یو ز میں 507 خالی ہیں جبکہ لاہور میں 508 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس میں 442 خالی ہیں اور لاہور میں 210 آئی سی یوز میں سے 166 خالی ہیں۔ سردار عثما ن بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت جب اقتدار میں آئی تو اس وقت صرف 3 سپیشل اکنامک زون تھے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قلیل مدت میں 13 سپیشل اکنامک زونز پر کام شروع کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے 7 سپیشل اکنامک زونز کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔ پنجاب میں آج دوسرے سپیشل اکنامک زون ”قائداعظم بزنس پارک“ کے منصوبے پر آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل فیصل آباد میں سپیشل اکنامک زون شروع کیا گیا۔ انشاء اللہ ہم بہت جلد بہاولپور میں بھی سپیشل اکنامک زون بنائیں گے جو جنوبی پنجاب کا پہلا سپیشل اکنامک زون ہوگا۔ وہ آج وزیراعلیٰ آفس میں قائداعظم بزنس پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک 1536 ایکڑ اراضی پر مشتمل ہوگا اور 5 لاکھ سے زائد افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ 200 ایکڑ اراضی پر صنعتی کارکنوں کیلئے رہائش کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ نیشنل ہائی وے اور موٹر وے کے قریب ہونے کی وجہ سے قائداعظم بزنس پارک کا منصوبہ خصوصی اہمیت اختیار کر گیا ہے اور اس سے سامان کی نقل و حمل میں آسانی ہوگی۔ قائداعظم بزنس پارک میں 653 صنعتی یونٹس قائم ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا کے باعث دنیا بھر کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے لیکن وزیراعظم عمران خان ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ پنجاب میں کورونا کی وجہ سے متاثرہ کاروباری طبقے کو ریلیف دینے کیلئے 56 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف دیا گیا جو کہ ایک تاریخ ہے۔ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے تحت متعدد چھوٹے ٹیکس ختم کئے۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپویشن نے نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کیلئے 12 ارب روپے مختص کئے ہیں۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -