سندھ میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا تناسب کم ہو گیا ہے: مرا د علی شاہ

سندھ میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا تناسب کم ہو گیا ہے: مرا د علی شاہ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہاہے کہ سندھ میں اب کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا تناسب کچھ کم ہو گیا ہے۔ عیدالاضحی، محرم اور ربیع الاول سے متعلق خصوصی تیاری کرنا ہوگی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہفتہ کو وزیرِ اعلی ہاؤس کراچی میں ہوا۔اجلاس میں این سی او سی کے چیئر مین اسد عمر، وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی، صوبائی وزیرِ صحت عذرا پیچوہو کے علاوہ دیگر افراد شریک ہوئے۔اس موقع پر مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومتوں میں اجلاس کا انعقاد این سی او سی کا اچھا فیصلہ ہے،وبا کو کنڑول کرنے میں این سی او سی نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں کورونا ٹیسٹ 12000 کی گنجائش میں ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ این سی او سی کا کام کافی بہتر رہا ہے، ہاٹ اسپاٹ قرار دیئے گئے علاقوں میں سیلیکٹیو لاک ڈاؤن کر رہے ہیں۔وزیرِ اعلی سندھ نے کہاکہ سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے کراچی میں 2اسپتال قائم کیے ہیں۔انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ عیدالاضحی کے سلسلے میں گلیوں میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر صوبے بھر میں پابندی لگا دی ہے۔وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ جانور صرف مقرر کی گئی جگہ پر ہی فروخت ہو سکتے ہیں، صوبوں میں ایسے اجلاس سے کوآرڈینیشن مزید بہتر ہو گی۔اجلاس میں عیدالاضحی اور مویشی منڈی کی ایس او پیز پر بریفنگ دی گئی، ڈاکٹر فیصل سلطان نے ای پی آئی پر اجلاس کو بریف کیا۔سندھ میں کوروناکے ہاٹ اسپاٹ اور وائرس کی صورتِ حال پر وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بریف کیا۔واضح رہے کہ یہ سندھ میں این سی اوسی کا پہلا اجلاس ہے، اس سے پہلے اجلاس پنجاب میں ہو چکے ہیں، اس کے بعد این سی او سی کے دیگر اجلاس باقی صوبوں میں ہوں گے۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ مانیٹرنگ کا نظام ضروری ہے،فیس ماسک اور احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے مقاصد اہم ایشوز پر مشاورت اور صوبوں کی کارکردگی کو سراہنا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ کرونا کیسز اور اموات میں کمی واقع ہو ئی ہے،ہمیں احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا، زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ دوبارہ کیسزکی تعداد میں اضافہ نہ ہو۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں میں ڈاکٹرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اچھا کام کیا۔این سی او سی فورم نے سندھ کے ٹیسٹنگ اور ٹریس سسٹم کی تعریف کی۔اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ غیرقانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں اور عیدا لاضحی سے متعلق ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،محرم کے حوالے سے بھی پلان مرتب کر رہے ہیں،محرم کے حوالے سے حفاظتی تدابیر پر مشاورت جاری ہے۔

مزید :

صفحہ اول -