ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں،نثار کھوڑو

  ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں،نثار کھوڑو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کے وفاقی حکومت کیجانب سے ادویات کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافے اور بجلی کے بلز میں ٹی وی فیس100روپے کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔کھانے پینے کی اشیاء،ادویات، بجلی،گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے ورنہ عوام سول نافرمانی کی تحریک چلانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو اپنے جاری ایک بیان میں کیا ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کے وفاقی حکومت ملک کو آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر چلا رہی ہے۔ اس لئے گندم، چینی، آٹے، بجلی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ادویات اور ٹی وی لائسنس کی فیس میں اضافہ کرکے عوام سے جینے کی امیدیں بھی چھینی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کے تبدیلی سرکار کی ایجنڈا مافیا کو فائدہ پہنچانا اور ملک سے غریب عوام کا خاتمہ ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو بہتر علاج کے حق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے اور وفاقی حکومت ٹیکسز وصولی میں ناکامی کی وجہ سے وہ بوجھ عوام کے جیب پر ڈال رہی ہے اس لئے وفاق کو عوام کے جیب پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کے وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے عوام کو مسائل میں الجھا کر حقیقی ایشوز سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار کو عوامی ایشوز سے بھاگنے نہیں دینگے وفاقی حکومت کو جواب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام ریلیف چاہتے ہیں مگر عمران خان ملک میں لڑا اور حکمرانی کرو والی پالیسی پر گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں 18 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -