انار کلی، کھدائی کے دوران پائپ لائن متاثر ہونے سے گیس سپلائی بند

انار کلی، کھدائی کے دوران پائپ لائن متاثر ہونے سے گیس سپلائی بند

  

لاہور (خبر نگار)پرانی انارکلی کے علاقہ میں سیوریج پائپ لائن بچھاتے سوئی گیس لائن کو نقصان پہنچنے سے ملحقہ علاقوں کی گیس بند ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق واسانے پرانی انارکلی کے علاقہ میں اورنج لائن ٹرین منصوبہ کیلئے سیوریج لائن بچھانے کا منصوبہ شروع کر رکھا ہے جس میں واساکی ٹیموں کی کھدائی کے دوران سوئی گیس کی 280فٹ طویل سپلائی لائن کو مختلف مقامات سے نقصان پہنچا۔ جس کے باعث کپورتھلہ،جین مندر روڈ،نابھا روڈ،مال روڈ،قائداعظم روڈ سمیت پرانی انارکلی کے متعدد علاقوں میں گیس کی سپلائی گزشتہ 36گھنٹوں سے معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ جس پر گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے پر اہل علاقہ سراپا احتجاج بن کر رہ گئے ہیں۔ہوٹلوں،ریسٹورنٹس اور تندوروں پر گیس کی سپلائی معطل ہونے پر مالکان مجبوراًلکڑیوں اور کوئلے سمیت متبادل ایندھن کا استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب سوئی گیس حکام گیس کی مین سپلائی لین متاثر ہونے پر حرکت میں آگئے ہیں اور جی ایم سوئی گیس کی ہدایت پر سوئی گیس کی ٹیموں نے رات گئے تک سوئی گیس کی بحالی کیلئے کام کیا۔ اس حوالے سے جی ایم سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن شہزاد اقبال لون کا کہنا ہے کہ سوئی گیس کی سپلائی لائن کی مرمت کا کام جاری ہے اور اگلے 24گھنٹوں میں پورے علاقے میں گیس بحال کر دی جائے گی۔

گیس بند

مزید :

صفحہ آخر -