کورونا کیسز میں کمی کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات قابل تحسین: وزیر قانون
لاہور (آئی این پی) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ صوبہ میں کورونا کیسز میں کمی کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ کورونا کے خاتمے کے لیے پاک افواج کی معاونت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کابینہ کمیٹی برائیانسداد کورونا کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ گلی محلوں میں قائم غیر قانونی منڈیاں ختم کرائی جائیں گی۔ متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے میڈیا پر موثرآگاہی مہم بھی چلائی جائے۔ عیدالاضحیٰ کی نماز اور قربانی کے اجتماعات کے لیے محکمہ صحت ایس او پیز تیار کرے۔ اجلاس میں کمیٹی کا ستمبر میں تعلیمی ادارے کھلنے سے پہلے اگست میں اساتذہ کی اسمارٹ ٹیسٹنگ کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ میڈیکل کالجز کے لیے ممکنہ انٹری ٹیسٹ کے لیے بھی محکمہ صحت ایس او پیز تیار کرے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے بھی حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں تاجروں کو مزید ریلیف دینے کیلئے ہوٹل، شادی ہال اور سیاحتی مراکز کو شرائط اورایس او پیز کے ساتھ کھولنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔
راجہ بشارت