شعبہ کرمنالوجی کی پروفیسرکیخلاف پروپیگنڈابے بنیاد ہے،محمد فیصل

  شعبہ کرمنالوجی کی پروفیسرکیخلاف پروپیگنڈابے بنیاد ہے،محمد فیصل

  

کراچی(این این آئی)کریڈو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نائب صدر و معروف سماجی رہنما محمد فیصل نے جامعہ کراچی شعبہ کرمنالوجی میں ہونے والی چوری کی وردات میں شعبے کی ایک اسسٹنٹ پروفیسر کے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والے بے بنیاد پروپیگنڈے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ہفتہ کو جاری بیان میں محمد فیصل نے کہا کہ جامعہ کراچی شعبہ کرمنالوجی میں ہونے والی چوری کے ملزم کو رینجرز نے بروقت گرفتار کرلیا تھا تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ تاحال مقدمے کی درست انداز میں تفتیش نہیں کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر شعبے کی ایک معزز اسسٹنٹ پروفیسر کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرکے ان کو چوری میں ملوث کرانے کی کوشش کی جارہی ہے،جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔محمد فیصل نے کہا کہ اس واردات کے محرکات کا پتہ لگانے کی بجائے اس طرح کے بے بنیاد الزامات لگا کر کیس کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے اور شعبے کی اندرونی سیاست کے ذریعہ خاتون اسسٹنٹ پروفیسر کی کردار کشی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کا شمار ملک کے اہم ترین تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے،اس ادار ے میں اس طرح کی سیاست کو کسی طور بھی برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،وائس چانسلر جامعہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ تمام حقائق سامنے آسکیں اور معزز اسسٹنٹ پروفیسر کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -