ڈپٹی کمشنر مردان کا عیدالاضحٰی کے موقع پرقائم مختلف مویشی منڈیوں کا دورہ
مردان) بیورو رپورٹ(ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان نے تخت بھائی، جلالہ اور ماڈل مویشی منڈی چمتار کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مشتاق حسین، اسسٹنٹ کمشنر تخت بھائی انیلہ فہیم، ایڈیشنل اے سی قیصر خان و فرمان علی اور ٹی ایم او تخت بھائی نور علی شاہ ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تخت بھائی و جلالہ مویشی منڈی میں ٹی ایم اے کی جانب سے فراہم کی گئی تمام تر سہولیات کا معائنہ کیا جبکہ کرونا وائرس کے پیش نظر جاری حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کر حوالے سے چیکینگ کی۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل انتظامیہ کو تحصیل بھر میں رجسٹرڈ شدہ مویشی منڈیوں کے علاوہ تمام غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کاروائی جبکہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے سمیت ٹی ایم او کو مویشی منڈیوں میں تمام تر ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے چمتار میں قائم کی جانے والی ماڈل مویشی منڈی کا بھی دورہ کیا اور تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایم او کو ماڈل مویشی منڈی پر کام اور فراہم کی جانے والی تمام تر سہولیات کو جلد مکمل کر کے اس کا باقاعدہ آغاز کرنے کی ہدایت کی۔