حکومت بگڑے ہوئے نظام کو ٹھیک کرنے میں لگی ہوئی ہے، ڈاکٹر امجد علی
پشاور) پاکستان نیوز (خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت سات دہائیوں سے بگڑے ہوئے نظام کو ٹھیک کرنے میں لگی ہوئی ہے، اپوزیشن جماعتوں کی تنقید کا مقصد صرف اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے اور دو جماعتوں نے کرپشن کے ذریعے ملک کی بنیادیں کمزور کیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 12 سالوں میں سندھ میں صرف جعلی اکاؤنٹس بنانے پر محنت کی گئی ہے، ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں میں شوگر مل مالکان چینی کی قیمتوں کا تعین خود کرتے تھے، تاہم موجودہ حکومت میں چینی کی قیمتوں کو ایک سطح پر رکھنے کے لئے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی آئی اے میں سیاسی بنیادوں پر لوگوں کو بھرتی کیا گیا تھاجس کے باعث ادارے کی کارکردگی میں بہتری نہیں آرہی تھی تاہم موجودہ حکومت میں پی آئی اے کے معاملات میں بہتری لائی جارہی ہے۔ انہوں نے پی پی پی کے چئیرمین بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کے جے آئی ٹی میں بلاول کا نام سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں ملک میں وینٹیلیٹرز کی تیاری شروع کردی گئی ہے جسے برآمد بھی کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں مختلف شعبوں میں اصلاحات لارہی ہے جس سے ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر چل پڑا ہے۔