مسلم لیگ (ن) کا ”پنجاب بچاؤ تحریک“ شروع کرنے کا اعلان، نارووال کے ارسطو کو دکھ ہے انہیں تنقید کا موقع نہیں مل رہا: فیاض الحسن چوہان

مسلم لیگ (ن) کا ”پنجاب بچاؤ تحریک“ شروع کرنے کا اعلان، نارووال کے ارسطو کو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹر ی جنر ل احسن اقبال نے ”پنجاب بچاؤ تحر یک“شروع کر نے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے پنجاب کی تباہی دیکھ کر خاموش تماشائی نہیں بننا چاہتے، صوبے میں صحت وتعلیم کے شعبوں کابجٹ ختم ہو چکا ہے، ن لیگ محکمہ صحت کی زبوں حالی پر نیشنل ہیلتھ چارٹر تیار کرے گی،جسے قومی اور پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہمیں شعبہ صحت پر توجہ دینی ہوگی،فرنٹ لائن پر کام کرنیوالے طبی عملے نے بہتر ین خدمات سرانجام دیں،ڈاکٹروں کے بنیادی مسائل کو نظرانداز کیا جارہا ہے،پی ایم ڈی سی کو فٹ بال بنادیاگیاہے، کورونا پھیلنے کا خدشہ ابھی بھی موجود ہے،ڈاکٹروں سے جو معلو مات ملی ہیں اس نے تشویش میں مبتلا کردیا،امریکہ،روس،یورپ سمیت تمام ممالک کورونا کیسامنے بے بس نظرآئے، انہوں کہا پنجاب میں جوقانون بنایاگیا اس سے محکمہ صحت کی نجکاری کی جارہی ہے،دوسال میں 2کروڑعوام مزیدغربت میں چلے گئے،ینگ ڈاکٹرزایسو سی ایشن نے جن تحفظات سے آگاہ کیا وہ حق بجانب ہیں، 6ہزارپوسٹ گریجویٹ ڈا کٹرزکو حکومت تسلیم نہیں کررہی، 6ہزارڈاکٹرز نے پروفیسرز کی نگرانی میں تربیت لی، پنجاب میں بد انتظامی کی وجہ سے لوگوں کومشکلات کاسامناہے،شعبہ صحت سے لیکرباقی شعبوں کو تباہ کردیاگیا۔ پنجاب سے کس بات کابدلہ لیاجارہا ہے؟،ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈلاگیا،وقت آگیا پنجاب بچاؤ تحریک شروع کی جائے۔ حکومت صرف نیب کے ذریعے جھو ٹے کیس بنانے پر کام کررہی ہے، ہارس ٹریڈنگ اوردباؤکے ذریعے ارکان پنجاب اسمبلی کو روکا گیا، پی ٹی آئی حکومت کو ڈزاسٹر گورننس کہیں گے،بیرون ملک سے ڈگری لیکرآنے والے ڈاکٹرز کو لائسنس جاری کئے جائیں۔ پنجاب کو پسماندہ ترین صوبہ بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، پنجاب سے انتقام لیا جا رہا ہے۔ ایک صوبے میں پانچ آئی جی اور چار چار چیف سیکرٹری بدلتے ہیں۔ عمران نیازی کوپنجاب کی تباہی پرجواب دیناپڑے گا۔ پرانی سڑکوں پرٹول لگاکرجگاٹیکس وصول کیاجارہاہے۔ پنجاب کاانفراسٹرکچرتباہ ہوگیا،گزشتہ 2سال میں سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی۔ صوبائی سطح پربھی صوبائی ہیلتھ چارٹرتیارکیاجائے گا۔ کوشش کریں گے آزادکشمیرمیں ڈاکٹروں کے مسائل کوحل کیاجائے۔ جیسے پائلٹس کیساتھ جعلی لائسنسوں والاڈرامہ کیا کہیں یہ ڈاکٹروں کیساتھ بھی کچھ ایساناکردیں۔پی ٹی آئی حکومت ملک میں وہ صحت کانظام لاناچاہتی ہے جوہمارے حالات سے مطابقت نہیں رکھتا۔ اس نظام سے غریب آدمی کا علاج کرانا مشکل ہو جائے گا۔ یہ پاکستان امیروں کانہیں 22کروڑ عوام کاہے۔
مسلم لیگ ن

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراطلاعات پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومت منظور پاپڑ فروش جیسے کرداروں سے خیرات نہیں لے رہی، نارووال کے ارسطو کو دکھ ہے کہ انہیں تنقید کا موقع نہیں مل رہا۔مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا مسلم لیگ(ن) والے آج دوسروں کے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلا رہے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 5.39 سے کم ہو کر 0.74 فیصد تک آ گئی ہے، آج پاکستان وینٹی لیٹرزاور پی پی ایز بنانے میں خود کفیل ہے ہم نے 14 ہزار ڈاکٹرز اور 18 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کو بھرتی کیا جبکہ پنجاب میں 9بڑے سپتالوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک دفعہ پھر ہیش ٹیگ ”کپتان کا اعتماد بزدار“ ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا، وزیراعلیٰ پنجاب کو وزیراعظم کا مکمل اعتماد حاصل ہے۔وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی جانب سے شروع کیا جانیوالا ہیش ٹیگ 3 گھنٹے میں ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، ہزاروں لوگوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی حمایت میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ سردار عثمان بزدار نرم دمِ گفتگو، گرم دمِ جستجو کے مصداق اپنی سیاسی و انتظامی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، غیر متحدہ اپوزیشن اے پی سی سے دل پشوری کرتی رہے گی، سردار عثمان بزدار ہی پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ رہیں گے۔
فیاض چوہان

مزید :

صفحہ اول -