جمہوریت کیخلاف استعمال ہونیوالا زہر آرمریت کے گوداموں میں آج بھی موجود: بلاو ل بھٹو زرداری 

جمہوریت کیخلاف استعمال ہونیوالا زہر آرمریت کے گوداموں میں آج بھی موجود: بلاو ...

  

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کو انکی 35 برسی پر خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے کہاہے کہ جمہوری و انسانی حقوق کی وہ جدوجہد آج بھی جاری ہے، جس کے دوران شاہنواز بھٹو شہید ہوئے،شہید شاہنواز نے ضیاء حکومت کے جمہوریت پسند رہنماؤں، کارکنوں اور عوام پر مظالم کیخلاف عالمی سطح پر شعور کو جگایا،شہید شاہنواز بھٹو کی شہادت میں استعمال ہونیوالا زہر آمرانہ قوتوں کی باقیات کے گوداموں میں آج بھی بہت ہے۔ اتوار کو اپنے بیان میں انکا مزید کہنا تھا میرے شہید ماموں کو ڈکٹیٹر کی جانب سے متعدد بار جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ دھمکیوں کے باوجود انہوں نے جمہوری اور انسانی حقوق کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری رکھی اور سیاسی مخالفین پر مظالم کی شکل میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیخلاف ضمیر کو جھنجھوڑا۔ تاریخ گواہ، پیپلز پارٹی نے بہت ساری آزادی کی تحریکوں کے مقابلے میں جمہوریت کی خاطر زیادہ تکلیفیں برداشت کیں۔ ہمارے لئے مصائب اور قربانیو ں کا سلسلہ تاحال ختم نہیں ہوا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا پیپلز پارٹی کی قیادت کو موت کی دھمکیاں کوئی نئی بات نہیں ہیں،پیپلز پارٹی چھ دہا ئیوں سے آمروں اور ان کے جانشینوں کا مقابلہ کرتی آئی ہے۔ پیپلز پارٹی کو آج دیوار سے لگانے والوں کو اپنے سابق ہم منصبوں کی گمراہ نسلوں سے سبق سیکھنا چاہئے۔ بھٹو کا خون آج بھی ملک میں بڑے فخر کیساتھ کھڑا ہے اور پسماندہ عوام اور ملک کیلئے بلا خوف و خطر سینہ سپر ہے۔ عوام اور خصوصاً جیالے شہید شاہنواز بھٹو کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔شہید شاہنواز بھٹو جمہوریت کی بحالی و استحکام اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد میں ہر قدم پر یاد آئیں گے۔

بلاول بھٹو

مزید :

صفحہ اول -