دنیا کورونا کی لپیٹ میں، نئے کیسز اور اموات کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا

دنیا کورونا کی لپیٹ میں، نئے کیسز اور اموات کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا
دنیا کورونا کی لپیٹ میں، نئے کیسز اور اموات کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا

  

جنیوا(ڈیلی پاکستان آن لائن)کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 42 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک اس مرض کے باعث چھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دنیا ایک جانب لاک ڈاون میں مرحلہ وار نرمیاں کررہی ہے تو دوسری جانب اقوام عالم پر  کورنا وائرس حملہ کیے ہوئے ہے۔ دنیا میں کورونا کیسز اور اموات کا نیا ریکارڈ قائم  ہوا ہے جو حالات کی سنگینی کا پتہ دیتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے تشویشناک اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایاہے کہ  عالمی سطح پر لگاتار دوسرے دن کورونا وائرس کے ریکارڈ تعداد میں مریض سامنے آئے ہیں اور مریضوں کی مجموعی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو لاکھ 59 ہزار 848 افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہفتے کو سب سے زیادہ متاثرین امریکہ، انڈیا، برازیل، اور جنوبی افریقہ سے سامنے آئے۔ اس سے پہلے کا یومیہ ریکارڈ جمعے کو قائم ہوا تھا جب دو لاکھ 37 ہزار 743 متاثرین سامنے آئے تھے۔

یومیہ ہلاکتوں کی تعداد سات ہزار 360 رہی جو کہ 10 مئی سے اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

جولائی میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 4800 تک رہی ہے جو کہ جون میں 4600 فی دن سے تھوڑی سی زیادہ ہے۔

یادرہے دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں تقریباً 36 لاکھ افراد اس مرض سے متاثر ہیں جبکہ وہاں اب تک ایک لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں اب تک دو لاکھ 63 ہزار سے زیادہ افراد میں اس مرض کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 5,568 اموات ہوئی ہیں اور دو لاکھ سے زیادہ مریض صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

مزید :

بین الاقوامی -کورونا وائرس -