عثمان بزدار کی کابینہ میں بھی تبدیلی ، وزیر جنگلی حیات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

عثمان بزدار کی کابینہ میں بھی تبدیلی ، وزیر جنگلی حیات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
عثمان بزدار کی کابینہ میں بھی تبدیلی ، وزیر جنگلی حیات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کابینہ میں  بھی تبدیلی آگئی اور اسد کھوکھر کو کابینہ سے فارغ کردیا گیا، اسد کھوکھر نے موقف اپنایا کہ وہ ذاتی سیاسی وجوہات کی بناء پر بطور صوبائی وزیر فرائض انجام نہیں دے سکتے تاہم حکومت پنجاب کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انٹیلی رپورٹس کی بنیاد پر ان سے استعفیٰ لیا گیا تاہم باوقار راستہ دیاگیا۔ 

دنیا نیوز کے مطابق اسد کھوکھر کے پاس جنگلی حیات کی وزارت تھی اور انہیں وزیر بنائے جانے کے وقت بھی شدید اختلافات سامنے آئے تھے اور وزیر بننے کے بعد کئی ماہ بعد بھی اسد کھوکھر کو محکمہ نہیں ملا تھا۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے اثرات دکھائی دیتے ہیں اور گزشتہ رات دو اہم بیوروکریٹس کو ہٹایاگیا اور اب اسد کھوکھر سے استعفیٰ لے لیا گیا، حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اسد کھوکھر نے استعفیٰ دیا نہیں بلکہ ان سے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر لیا گیا،  انہیں باوقار طریقے سے عہدے سے علیحدہ ہونے کا آپشن دیا گیا اور انہوں نے خود سے استعفیٰ لکھ کر دیدیا جو فوری طورپر  منظور بھی ہو نے کا امکان ہے۔ ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ دونوں میں سے ایک بیوروکریٹ کو ہٹائے جانے پر اسد کھوکھر نے استعفیٰ دیا تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔ 

یادرہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ پنجاب کو ہٹائے جانے کی افواہیں گردش کرتی رہیں لیکن وزیراعظم نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ 

مزید :

Breaking News -اہم خبریں -قومی -