" ہمارا مرنا جینا پاکستان میں ہے " برطانوی شہری زلفی بخاری کا دوٹوک پیغام

" ہمارا مرنا جینا پاکستان میں ہے " برطانوی شہری زلفی بخاری کا دوٹوک پیغام

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے واضح کیا ہے کہ ان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔

خیال رہے کہ ہفتہ کے روز وزیر اعظم کے معاونین خصوصی و مشیران کے اثاثوں اور شہریت کی تفصیلات جاری کی گئی تھیں جس سے ظاہر ہوا کہ زلفی بخاری کے پاس دہری شہریت ہے ، وہ پاکستان کے ساتھ برطانیہ کے بھی شہری ہیں۔

اپنے بیان میں  زلفی بخاری نے کہا کہ حکومت کومہمان اداکاروں کی حکومت کہنے والے حقیقت کو فراموش کر بیٹھے ہیں، وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے باوجود نواز شریف اقامہ ہولڈر تھے، خواجہ آصف اوراحسن اقبال بھی متحدہ عرب امارات اورسعودی عرب کے اقامہ ہولڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی دروغ گوئی کی بھی کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے، الزام تراشی کے بجائے احسن اقبال خود اپنے گریبان میں جھانکیں، احسن اقبال ہماری فکر چھوڑیں پہلے اپنے اقاموں کا جواب دیں۔

زلفی بخاری نے واضح کیا اور کہا کہ ہمارا مرنا جینا پاکستان میں ہے، ملک سے فرار ہم نہیں ہو رہے، پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت مفرور ہے، حکومت نے کرپٹ مافیا کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے، جنہوں نے لوٹ مار کی اور دولت کے انبار لگائے وہ بیماری کے بہانے خود منہ چھپتے پھر رہے ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -