قومی ٹیم آئندہ برس کیویز کیخلاف 10ٹی 20کھیلے گی 

  قومی ٹیم آئندہ برس کیویز کیخلاف 10ٹی 20کھیلے گی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


          لاہور (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم 24۔2023 کے سیزن میں نیوزی لینڈ کے خلاف 10 اضافی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ یہ اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستانی کرکٹ ٹیم کو 2024 کے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل تیاری کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا میں 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تین میچ کھیلنے کے بعد نیوزی لینڈ پہنچے گی جہاں وہ پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جو دراصل ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے اس کی تیاریوں کا آغاز ہوگا۔ یہ پانچ میچز12 سے21 جنوری تک کھیلے جائیں گے ۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے جواب میں نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم اپریل 2024 میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان 10اضافی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کا مطلب یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم 19 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی ۔
جن میں 10 نیوزی لینڈ کے خلاف تین ہالینڈ کے خلاف دو آئرلینڈ کے خلاف اور 4 انگلینڈ کے خلاف ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ ان 19 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ فروری مارچ 2024 میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی میزبانی بھی کرے گا۔ترجمان کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان اضافی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کو شیڈول کرنے کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ سے مشاورت کے بعد اپنے فیوچر ٹور پروگرام2023 اور 2025میں معمولی ردو بدل کیا ہے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچز جو پہلے فروری 2024 میں پاکستان میں کھیلے جانے تھے اب جنوری 2025 میں کھیلے جائیں گے۔ اسی طرح پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دور ہ نیوزی لینڈ جو جنوری 2025 میں ہونا تھا اب اپریل 2025 میں ہوگا۔ اس دورے میں پاکستانی ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25۔2023 کیلئے پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے شیڈول کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔پاکستانی ویمنز ٹیم رواں سال دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلے گی جس کے بعد وہ 3 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز پاکستانی ویمنز ٹیم کی رواں سال تیسری سیریز ہوگی۔اس سے قبل وہ یکم سے 14 ستمبر تک کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز اور پھر اکتوبر میں بنگلہ دیش کے خلاف اسی کے ملک میں سیریز کھیلے گی۔پاکستانی ویمنز ٹیم کی آئی سی سی چیمپئن شپ میں آخری دو سیریز ویسٹ انڈیز کے خلاف اپریل 2024 میں پاکستان میں جبکہ مئی 2024میں انگلینڈ کے خلاف انگلینڈ میں ہوں گی۔پاکستانی ویمنز ٹیم نے ابھی تک جو تین سیریز کھیل رکھی ہیں ان میں اس نے سری لنکا کو 1-2 سے اور آئرلینڈ کو 0-3 سے شکست دی ہے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف اسے 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں خواتین ٹیمیں اب تک 9،9 میچوں پر مشتمل 3،3ون ڈے سیریز کھیل چکی ہیں اور دونوں کے 10،10پوائنٹس ہیں۔پی سی بی ترجمان نے پاکستان مینز ٹیم کا نظرثانی شدہ فیوچر ٹور پروگرام 2025۔2023 کے حوالے سے بتایا کہ اس میں شامل تمام ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شمار ہوں گے۔