پنجاب میں پلاسٹک روڈ متعارف کرانے کا فیصلہ، محسن نقوی نے پلان طلب کر لیا

    پنجاب میں پلاسٹک روڈ متعارف کرانے کا فیصلہ، محسن نقوی نے پلان طلب کر لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب میں پلاسٹک روڈ متعارف کرانے کااصولی فیصلہ کیا گیا ہے اور نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پلاسٹک روڈ کی تعمیر کیلئے پلان طلب کر لیا ہے۔ پلاسٹک روڈ تارکول روڈ کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہوتی ہے۔ تارکول میں پلاسٹک مکس کر کے بنائی جانے والی سڑک جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوتی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے روڈز پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں میں شفافیت اوراعلیٰ معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ پنجاب بھر میں 2600 کلو میٹر طویل سڑکوں کے بحالی کے 137منصوبے زیر تکمیل ہیں اور سڑکوں کی تعمیر کے تمام پراجیکٹ کے کنٹریکٹ ای۔ٹینڈرنگ کے ذریعے دیئے جارہے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بین الاضلاعی سڑکوں کی تعمیر کے 107منصوبے تین ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف دیا ہے۔محسن نقوی نے سابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کے بیٹے کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں طارق فضل چوہدری اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کی ایمرجنسی کو ری ڈیزائن کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مریض کو مختصر وقت میں کم سے کم نقل و حرکت کرنا پڑے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دل کے مریض کے فوری علاج کے لئے پائیدار اور قابل عمل سسٹم وضع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ ایمرجنسی کے نئے ڈیزائن میں مریض کے علاج میں سہولت اور آسانی کو مد نظر رکھا جائے اور علاج کے دوران ٹیسٹ کے لئے مریضوں کو وہیل چیئر کی بجائے سمارٹ بیڈ مہیا کئے جائیں۔ محسن نقوی نے مظفر گڑھ کے علاقے تھرمل کالونی سے 3 بچیوں کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لواحقین کو انصاف کی فوری فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہائی کرائی ہے۔
محسن نقوی

مزید :

صفحہ اول -