نوجوانوں کا ووٹ ہی کسی کا الیکشن بنائے گا کسی کا بگاڑے گا : شیخ رشید

    نوجوانوں کا ووٹ ہی کسی کا الیکشن بنائے گا کسی کا بگاڑے گا : شیخ رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       راولپنڈی (آئی این پی ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک کے حالات اتنے سنگین اور گھمبیر ہو چکے ہیں کہ تباہ حال معیشت کو مستحکم جمہوریت کی ضرورت ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ 3اہم کیسز کی سماعت کرنے جا رہی ہے جو پاکستان کی سیاست اور سیاست دانوں کا رخ موڑ سکتے ہیں، آنےوالے دنوں میں سیاست پر گہرے اثرات چھوڑ سکتے ہیں اور نت نئے سیاسی تجربات میں رکاوٹ کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اسمبلیاں ٹوٹ نہ جائیں، نگران حکومت آ نہ جائے، الیکشن کمیشن تاریخ نہ دے دے، تب تک الیکشن کا وقت پر ہونا یا وقت پر نہ ہونا سوالیہ نشان ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ جو لوگ ایک دوسرے کو رسہ ڈال کر گلیوں اور بازاروں میں گھسیٹنے کی باتیں کرتے تھے وہ اپنے کیسز ختم کروانے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، جس طرح پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نگران حکومتیں بنائی گئیں، جس طرح کراچی کا الیکشن ہوا، جو کچھ کشمیر اور گلگت بلتستان میں کھیل کھیلا گیا، وہ لمحہ فکریہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے الیکشن کا فیصلہ پاکستان کے نوجوانوں کے ہاتھ میں آگیا ہے اور نوجوان نسل الیکشن کے ساتھ ہاتھ نہیں ہونے دے گی، نوجوان جس جوش و جذبے سے پولنگ بوتھ کی طرف جائیں اس کا عقل کے اندھوں کو اندازہ نہیں، نوجوان کا ووٹ ہی کسی کا الیکشن بنائے گا اور کسی کا بگاڑے گا۔ سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جب آٹا 160روپے کلو، چینی 150روپے کلو اور پیک آور میں بجلی کا بنیادی ریٹ 50روپے ہوگا تو لیپ ٹاپ بیچارہ کیا کرے گا۔
 شیخ رشید