ملیشیا،کشتی غرقاب ہونے سے 66افراد لاپتہ ،ہلاکتوں کا خدشہ

ملیشیا،کشتی غرقاب ہونے سے 66افراد لاپتہ ،ہلاکتوں کا خدشہ

  

                                                                       کوالالمپو ر(آن لائن) ملائیشیا کے ساحل کے قریب ایک کشتی غرقاب ہو نے سے 66 افراد لاپتہ ہو گئے ، جن کی ہلا کتو ں کا خدشہ ظا ہر کیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار اس کشتی پر 97 افراد سوار تھے جن میں سے 31 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 66 افراد ابھی تک لا پتہ ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہیلی کاپٹر اور پانچ امدادی کشتیاں اس علاقے کے لیے روانہ کی گئی ہیں تاکہ لوگوں کو تلاش کیا جا سکے۔ملائیشیائی بحریہ انفورسمنٹ ایجنسی کے ترجمان کے مطابق سانحے کا شکار اس کشتی کے سواروں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔اطلاعات کے مطابق لکڑی کی یہ کشتی ملکّا آبنائے میں بینٹنگ کے قریب کلانگ بندرگاہ کے ساحل سے دور منگل اور بدھ کو نصف شب میں ڈوبی۔بحریہ کے ایک اہلکار محمد زوری نے بتایا کہ یہ ایک ایسی کشتی تھی جسے بحری سفر کی اجازت نہیں تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ کشتی پر سوار تمام افراد انڈونیشیا کے رہنے والے تھے جو غیرقانونی طور پر ملکّا جزیرہ نما کے راستے ملائیشیا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم اس بارے میں متضاد خبریں بھی ہیں کیونکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ لوگ اسلامی مہینے رمضان کے لیے اپنے وطن انڈونیشیا لوٹ رہے تھے۔ابھی تک حادثے کے اسباب یا پھر کشتی میں کتنے افراد کی گنجائش تھی اس بات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔

واضح رہے کہ ملائیشیا مشرق بعید کے ممالک میں نسبتاً زیادہ امیر ملک ہے اور وہاں پڑوس کے ممالک بطور خاص انڈونیشیا اور بنگلہ دیش سے کثیر تعداد میں لوگ جاتے ہیں جن میں غیر قانونی طور پر جانے والوں کی بھی بڑی تعداد ہے۔یاد رہے کہ اس علاقے میں اس طرح کے واقعات اکثرو بیشتر پیش آتے رہتے ہیں اور سالانہ ہزاروں افراد خراب کشتیوں کے حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -