سانحہ لاہور کے بعد وزیر قانون کو برطرفکر کے مقدمہ درج کیا جائے،اہلسنت تنظیمیں

سانحہ لاہور کے بعد وزیر قانون کو برطرفکر کے مقدمہ درج کیا جائے،اہلسنت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اہلسنت کی 20 تنظیموں نے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کو برطرف کرکے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والوں کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کردیا اس کا فیصلہ حقوق اہلسنت محاذ کے مرکزی امیر پیر سید شاہد حسین گردیزی کی زیر صدارت 11 داتا دربار لاہور میں ہونے والے اہلسنت کی 20 تنظیموں کے اجلاس میں جاری کئے جانے والے اعلامیہ میں کیا گیا اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیر قانون تمام حالات واقعات کے ذمہ دار ہیں ٹال مٹول کرکے اپنی نااہلی نہ چھپائیں علماء نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں ایک منظم سازش کے تحت ایک دینی ادارے کے طلباء اور عورتوں پر جس بے دردی سے ظلم وستم کیا گیا اس سے فرنگی دور کی یاد تازہ ہوگئی ہے پولیس نے پنجاب کے حکمرانوں کو خوش کرنے کے لئے جس بے دردی سے منہاج القرآن کے طلباء پر تشدد اور فائرنگ کی وہ سب کے سامنے ہے پولیس کے ساتھ ساتھ مسلم لیگی کارکن گلو بٹ جو شیر لاہور کے نام سے جانا جاتا ہے پولیس کی سرپرستی میں گاڑیوں کے شیشے توڑتا رہا اور دوکانوں سے لوٹ مار کرکے مشروبات پولیس کو پیش کرتا رہا اعلامیہ میں کہا گیا کہ کل تک گلو بٹ مسلم لیگی کارکن تھا آج اچانک گلو بٹ سے لاعلمی کا اظہار کیا جارہا ہے اور وزیر قانون آج اچانک کہہ رہے ہیں کہ گلو بٹ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں اگر گلو بٹ کو حکومتی سرپرستی حاصل نہیں تھی تو پھر یہ شخص دیدہ دلیری کے ساتھ پولیس کی سرپرستی میں گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور دوکانوں سے لوٹ مار کس کے ایما پر کرتا رہا قوم کو بتایا جائے علماء نے اعلامیہ میں یہ بھی کہا کہ اس بات کو رد بھی نہیں کیا جاسکتا کہ منہاج القرآن کے طلباء میں گھس کر گلو بٹ کے ساتھ آنے والے لوگوں نے پولیس پر فائرنگ کرکے حالات کو خراب کیا ہو جن تنظیموں نے اجلاس میں شرکت کی ان میں حقوق اہلسنت محاذ، مرکزی میلاد کمیٹی پاکستان، عالمی جماعت اہلسنت، تحریک تحفظ ختم نبوتؐ، خواجہ معین الدین چشتی ٹرسٹ، بزم برکاتیہ، جماعت تحفظ ناموس رسالت ؐ، کاروانِ شاہِ گردیز، دفاع اسلام محاذ، انٹرنیشنل بزم قادریہ جیلانیہ، تحریک علمائے اہلسنت، تحریک عاشقانِ مصطفی ؐ، گردیزی ویلفیئر سوسائٹی، انجمن نوجوانانِ پاکستان، جماعت رضائے اسلام، جمعیت علمائے غوثیہ، تحریک ملت اسلام، پاکستان علماء فورم، تحریک جمال مصطفی، بزم سادات پاکستان، بزم غلامانِ پنجتن پاک، انجمن عید میلاد النبی ؐ، جماعت امن واتحاد پاکستان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جان بحق ہونے والے افرادکے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔