بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا کئی مقامات پر احتجاج

بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا کئی ...

  

              لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں گزشتہ روز بھی سورج آگ برساتا رہا اور دوسری جانب بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ شدید گرمی میں بد ترین لوڈ شیڈنگ سے تنگ آئے لوگوں کا کئی مقامات پر صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا جس پر وہ مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا ۔ گرمی میں بار بار لوڈ شیڈنگ نے دن میں لوگوں کی زندگی اجیرن اور رات کو بے سکون کر دی ۔ گزشتہ روز بھی ملک میں کاروباری سرگرمیاں تقریبا ٹھپ رہیں لاکھوں لوگ بے روز گار رہے اور ان کے گھروں میں ایک وقت کی روٹی بھی میسر نہ ہو سکی ۔ گزشتہ روز بجلی کی پیداوار میں معمولی اضافہ ہوا جس سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کے بجائے اس کا ریلیف صنعتوں کو دے دیا گیا ۔ گزشتہ روز بڑے شہروں میں چودہ گھٹنے اور دیہی علاقوں میں بیس گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔مرمت کے نام پر بھی اٹھ اٹھ گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رکھا گیا ۔ وولٹیج میں کمی کے باعث لوگوں کا لاکھوں روپے کا الیکٹرونکس کا سامان جل گیا ۔ ٹرانسفارمر جلنے کا سلسلے بھی جاری رہا ۔ لیسکو سمیت تمام ڈسکوز نے شام کو لوڈ بڑھنے پر سسٹم کو بچانے کے لئے اپنے کئی فیڈرز بند کئے جس سے ان علاقوں میں بجلی کی بندش رہی ۔ انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کےمطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 18340 میگا واٹ جبکہ پیداوار 12110 میگا واٹ رہی طلب و رسد میں 6230 میگا وا ٹ کا فرق رہا ۔ 

مزید :

صفحہ آخر -