حکومت عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،شہبازشریف

حکومت عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،شہبازشریف

  

لاہور)پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے برطانیہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (ڈیفڈ) کے تعاون سے صحت عامہ کے شعبہ کی بہتری کیلئے پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کا پروگرام شروع کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ڈیفڈ کے تعاون سے شعبہ صحت کی بہتری اور عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے مربوط پلان مرتب کیا گیا ہے۔ صوبے میں معیاری صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ اہم کردار ادا کرے گا۔وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈیفڈ کے نمائندہ خصوصی سر مائیکل باربر اور کنٹری ڈائریکٹر رچرڈ منٹگمری نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے نئے مالی سال کے بجٹ میں ایک خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ مد ر اینڈ چائلڈ کئیر، ویکسینیشن کی کوریج کا دائرہ کار بڑھانے اور پرائمری ہیلتھ کئیر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹر زاور عملے کی موجودگی اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ بنیادی مراکز صحت میں عملے اور ادویات کی موجودگی کے حوالے سے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جا رہا ہے۔ طبی عملے کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کے حوالے سے جامع میکانزم مرتب کیا جا رہا ہے۔ انہو ںنے ہدایت کی کہپنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کے تحت مقرر کردہ اہداف کو پورا کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور صوبے بھر میں شعبہ صحت سے متعلقہ مستند ڈیٹا جمع کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ویکسی نیشن کی خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ویکسی نیٹرز کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے تربیت کے پروگرام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، معاونین خصوصی ڈاکٹر اعجاز نبی، عزم الحق، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

مزید :

صفحہ اول -