میرانشاہ میں ضرب عضب متاثرین کا احتجاج

میرانشاہ میں ضرب عضب متاثرین کا احتجاج
میرانشاہ میں ضرب عضب متاثرین کا احتجاج

  

میرانشاہ (مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی وزیرستان میں جاری ضرب عضب متاثرین نے سہولتوں کے فقدان کیخلاف احتجاج شروع کردیا۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق شمالی وزیرستان کے میرانشاہ بازار میں متاثرین آپریشن نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ نقل مکانی کی ڈیڈلائن میں توسیع کی جائے اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات میں مزید اضافہ کیاجائے ۔ متاثرین کی مشکلات میں شدید گرمی نے مزید اضافہ کردیاجبکہ رمضان شریف بھی قریب ہے۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کاکہناتھاکہ متاثرین کی رجسٹریشن کے لیے کیمپوں میں اضافہ کردیاگیاہے اور آپریشن متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پولیٹیکل انتظامیہ اور عسکری حکام نے پانچ روز کے بعد کرفیو میں نرمی کرتے ہوئے نقل مکانی کا شیڈول جاری کردیاتھااور ہدایت کی تھی کہ متعلقہ علاقوں سے جلد از جلد نقل مکانی کرلیں ۔

بنوں میرانشاہ سڑک بدھ کی صبح سے لے کر شام تک سارا دن متاثرین کی گاڑیوں کے رش کے باعث ایک مرکز کا منظر پیش کرتا رہا اور اس دوران نقل مکانی کرنے والے افراد ٹرکوں، ٹریکٹروں، ہائی ایس گاڑیوں اور موٹر سائیکلیوں پر خواتین اور بچوں سمیت قافلوں کی صورت میں وقفے و قفے سے بنوں کی طرف پہنچتے رہے۔ کئی افراد گاڑیوں کے عدم دستیابی یا غربت کی وجہ سے پیدل وزیرستان سے قریبی علاقوں میں منتقل ہوئے اور ان کے ہمراہ بچے اور خواتین بھی تھیں۔کئی گاڑیوں میں متاثرین کے ہمراہ ان کے جانور اور مال مویشی بھی دکھائی دیے۔ دوپہر کے وقت تک شدید گرمی اور تپتی دھوپ میں ہر دوسری گاڑی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار نظر آئے۔ پیاس اور تھکن کی وجہ سے گاڑیوں میں سفر کرنے والے ننھے منے متاثرین بچوں کے چہروں پر پریشانی اور مایوسی کے اثار بھی نمایاں تھے۔

نقل مکانی کے شیڈول کی تفصیلات کیلئے یہاں کلک کریں ۔

مزید :

دفاع وطن -