ٹرین مارچ ملتوی کیا ہے ختم نہیں ،طاہر القادری کا استقبال کریں گے:شیخ رشید
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں ، عوامی ٹرین مارچ ملتوی کیا ہے ختم نہیں ،طاہر القادری کا بھرپوراستقبال کریں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ملکی تاریخ میں سانحہ ماڈل ٹاﺅن جیسے ظلم کی مثال نہیں ملتی۔ خواتین ، بچوں اورطاہر القادری کے گھر پر فائرنگ کی گئی ، پولیس اہلکاروں نے درود شریف پڑھنے والوں پر گولیاں چلائیں، حکمران طاہر القادری سے خوفزدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کفر کے ساتھ حکومت قائم رہ سکتی ہے ، ظلم کے ساتھ نہیں ،حکمرانو ں کے دن گنے جا چکے ہیں ، لیپ ٹاپ سمیت تمام حکومتی منصوبے ناکام ہو چکے ہیں ، حکومت کی کارکردگی دیکھنی ہے تو سعد رفیق ، عابد شیر علی اور چوہدری نثار سمیت دیگر کو دیکھ لیں ۔رشیخ رشید احمد نے کہا کہ طاہر القادری نے جوڈیشل کمیشن کو تسلیم نہ کرکے اچھا فیصلہ کیا ،یہ ایسا بد نما داغ ہے جس کو جوڈیشل کمیشن نہیں مٹا سکتا ، کسی جج کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن اتنے بڑے سانحہ پر ایک جج کا کمیشن مذاق ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ پولیس گردی کو بے نقاب کرنے اور پنجاب کے حکمرانوں کے دعوﺅں کاپول کھولنے پر میڈیا کوخراج تحسین کرتاہوں۔شیخ رشید کہتے ہیں کہ انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم کے سامنے کہا تھا کہ اگر جمہوریت کو خطرہ ہے تو حکمرانوں سے ہے ۔شیخ رشید نے واضح کیا کہ بے گناہوں کی لاشیں گرنے کی وجہ سے عوامی ٹرین مارچ ملتوی کیا ہے منسوخ نہیں ۔ شیخ رشید نے منہاج القرآن کے سیکرٹریٹ میں کارکنوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طاہر القادری کی واپسی ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔