جوہانسبرگ، مشین ریڈایبل پاسپورٹ کے اجراء سے پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی
جوہانسبرگ(ندیم شبیر سے) جنوبی افریقہ میں مقیم تمام پاکستانیوں کیلئے آج ایک پرمسرت دن تھا جب پاکستان ہائی کمیشن پر یٹوریا میں پاکستانیوں کے جمع غفیر سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے ہائی کمشنر نجم الثاقب نے یہ خوشخبری سنائی کہ آج سے مشین ریڈایبل پاسپورٹ (MRP) کا اجراء ہوتا ہے۔ جہاں ایک طرف دیرینہ مسئلے کا حل ہوا وہی دوسری طرف پاکستانی سفارتخانے نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کیا کہ لیڈر اور اس کی ٹیم جنوبی افریقہ میں مقیم پاکستانیوں کے گوناں گو مسائل کا حل تلاش کرنے میں دن رات کوشاں ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے ایک طرف حکومت پاکستان کا خصوصاً وزیراعظم محمد نوازشریف کا شکریہ دا کیا کہ ان کی ہدایت کے مطابق الحمداللہ آج سے (MRP) کی سہولت یہاں کے رہنے والے ہزاروں پاکستانیوں کومیسر آئی ہے اس سلسلے میں انہوں نے ایڈوائزر سرتاج عزیز ، وزیر داخلہ چودھری نثار احمد، وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے خصوصی مشیر طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہا کہ اس پر مسرت دن کا وقوع پذیر ہونا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ وزیراعظم سمیت وزراء اور دوسرے اعلیٰ حکام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے پر کتنی توجہ دے رہے ہیں ساتھ ہی ہائی کمشنر نے اپنے ہم وطن پاکستانیوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے گزشتہ ڈیڑھ برس سے نہایت صبروتحمل کا مظاہرہ کیا اور ایم آر پی کے اجراء کا ہائی کمیشن کے عملے کے ساتھ انتظارکیا۔ تقریب میں موجود سینکڑوں پاکستانیوں اور ان کے نمائندوں نےMRP کے اجراء کا سارا کریڈٹ سفیر پاکستان نجم الثاقب کو دیا جن کی انتھک کوششوں کے بعد یہ سہولت میسر ہوئی ایک سوال کا جو اب دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے یہ کریڈٹ حکومت پاکستان اپنے عملے اور جنوبی افریقہ میں مقیم تمام پاکستانیوں کو واپس کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی کام کرتے یا اپنے ہم وطنوں کی بہتری کے لئے کام کرتے ہوئے یہ نہیں دیکھا جاتا کہ کس نے کتنا کام کیا ذرے سے آفتاب تک سب مل کر کام کریں تو اللہ کی کرم نوازی سے کامیابی آپ کے قدم چومتی ہے تقریب میں موجود پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے بھی بھرپور شرکت کی اور یک زبان ہوکر کہا کہ جو قصے ہم سنتے تھے وہ حقیقت کے روپ میں ہمارے سامنے آرہے ہیں روزنامہ پاکستان کے بیورو چیف ندیم شبیر سے اس موقع پر پاکستان کمیونٹی کے ممبران نے بات چیت کرتے ہوئے اس کامیاب پروگرام پر مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی ہر ایمبسی اورہائی کمیشن میں نجم الثاقب جیسے درخشاں ستاروں کو سفیر تعینات کرے۔
جو اپنی ذات پر اپنے ملک اور اپنے ہم وطنوں کوواقعتاً ترجیح دیتے ہیں دارلعلوم کے مولانا اکبر ہزاروی نے تقریب کا اختتام دعا سے کیا اور خصوصی طور پر پاکستان کی ترقی اور فلاح کے لئے دعا کی سفیر پاکستان کی خواہش کے مطابق ضرب عصب کی مکمل کامیابی اور شر کا مکمل خاتمہ کرنے کی بھی دعا کی۔