شبیر شاہ کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریوں کی شدید مذمت
سری نگر(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں سینئر حریت رہنماء اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے مقبوضہ وادی کے طول وعرض میں آزادی پسندوں کی اندھا دھند گرفتاریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پولیس بے گناہ نوجوانوں کوجھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کر کے انکے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے جو گھر میں نظربند ہیں سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ پولیس اہلکار نوجوانوں کا مسلسل پیچھا کر رہے ہیں اور رات کے وقت گھروں پر چھاپے مار کر عام شہریوں کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے پولیس کی اس کارروائی کو کٹھ پتلی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قراردیتے ہوئے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نوجوانوں کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے ۔
انہوں نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر نوجوانوں کے خلاف انتقامی کارروائی ترک نہ کی گئی تو اس خلاف شدید ردعمل سامنے آئے گا۔ شبیر احمد شاہ نے گزشتہ روز سوپور میں کشمیریوں کے قتل کے حالیہ واقعات کے خلاف مکمل ہڑتال کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے مکمل ہڑتال کر کے شہداء کے ساتھ جو یکجہتی کا اظہار کیا ہے وہ قابل تعریف ہے ۔ شبیر شاہ نے کشمیری عوام سے آج ( جمعہ کو ) سوپور چلو مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام آزادی پسند قیادت کے شانہ بشانہ سوپور کا رخ کرکے بھارتی مسلح ایجنٹوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کے اہلخانہ سے بھرپور ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کریں۔