بنگلہ دیش کی بھارت کے خلاف فتح نے پاکستان کیلئے خطرناک مشکل کھڑی کر دی

بنگلہ دیش کی بھارت کے خلاف فتح نے پاکستان کیلئے خطرناک مشکل کھڑی کر دی
بنگلہ دیش کی بھارت کے خلاف فتح نے پاکستان کیلئے خطرناک مشکل کھڑی کر دی

  

لاہور (نیوز ڈیسک) بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کھیلی جا رہی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے ”گھر کے شیروں“ کو چت تو کر دیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی ”شاہینوں“ کو بھی بے چینی میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ بنگلہ دیش کی اس جیت کے بعد پاکستان کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کے امکانات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔

ماہرین کے مطابق اگر بنگلہ دیش بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ایک میچ جیت گیا تو اس کے پوائنٹ 91 ہوجائیں گے اور یہ ساتویں پوزیشن پر پہنچ جائے گا یعنی اس صورت میں بنگلہ دیش کوالیفائی کرجائے گا چاہے پاکستان کی صورتحال جو بھی ہو۔ میر پور کے شیربنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے بھارت کو تو شکست دیدی ہے اور اب اسے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک میچ میں فتح حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس صورت میں بنگلہ دیش چیمپئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کر لے گا جبکہ پاکستانی ٹیم کچھ بھی کر لے ”گھر“ بیٹھ کر ہی چیمپئنز ٹرافی دیکھے گی۔

بنگلہ دیش 30 ستمبر سے پہلے چھ ون ڈے میچز کھیلے گا جن میں سے تین بھارت کے خلاف اور تین جنوبی افریقہ کے خلاف ہوں گے۔ کرکٹ رپورٹر سندیپان بینرجی کے اگر بنگلہ دیش اپنے 6 ون ڈے میچوں میں سے صرف ایک ہی جیت پایا، لیکن زمبابوے یا سری لنکا میں سے کسی نے بھی پاکستان کو ایک میچ بھی ہرا دیا تو پاکستان باہرہوجائے گا اور اس صورت میں بھی بنگلہ دیش کوالیفائی کرجائے گا۔اگر بنگلہ دیش اپنے تمام چھ ون ڈے میچ ہار جائے اور پاکستان سری لنکا سے 4-1 سے فتح حاصل کرلے تو اسی صورت میں پاکستان کوالیفائی کرسکے گا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان خوش قسمتی سے زمبابوے کے خلاف 2 میچ میں فتح حاصل کر چکا ہے جبکہ تیسرے اور آخری میچ میں بارش زمبابوین جیت کے آڑے آ گئی۔ اس طرح پاکستان کے پاس اب صرف آخری موقع بچا ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کر کے چیمپئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کرے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا انعقاد 2017ءمیں انگلینڈ میں ہوگا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق اس میں صرف وہ ٹیمیں کھیلیں گی کہ جو 30 ستمبر 2015ءکو انٹرنیشنل ون ڈے رینکنگ کے مطابق پہلی 8 پوزیشنوں پر ہوں گی۔ اس وقت ویسٹ انڈیز ساتویں نمبر پر، بنگلہ دیش آٹھویں نمبر پر اور پاکستان 9 نمبر پر ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ویسٹ انڈیز کی پوزیشن کو 30 ستمبر تک کوئی خطرہ نہیں کیونکہ مقررہ تاریخ تک یہ کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلے گی، البتہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی قسمت کا فیصلہ ہونا باقی ہے کیونکہ آٹھویں پوزیشن کے لئے ان دونوں کے درمیان مقابلہ ہے اور بد قسمتی سے بنگلہ دیش نے میچ جیت کر پاکستان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

مزید :

کھیل -