پیف کا طالبعلموں کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کیلئے نادرا سے منسلک ہونے کا فیصلہ

پیف کا طالبعلموں کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کیلئے نادرا سے منسلک ہونے کا فیصلہ

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے پارٹنر سکولوں کے طالبعلموں کے ریکارڈ کی فوری جانچ پڑتال کے لیئے نادرا کے ڈیٹا بیس سے منسلک ہونے کا فیصلہ کیا ہے اس اقدام سے پیف کی شفافیت اور معروضیت کے معیار کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی یہ بات چےئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمر الاسلام راجہ نے پارٹنر سکولوں کے مالکان سے الحمرا کمپلیکس کے آڈیٹو ریم میں اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اس موقع پر مختلف اضلاع میں فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام سے منسلک سکول مالکان کے علاوہ ڈائریکٹر افتخار ربانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول ہمارا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے توسط سے 36اضلاع میں لاکھوں ضرورت مند بچے و بچیاں مفت تعلیم حاصل کر کے اپنا مقدر سنوار رہے ہیں ۔یہ بات اطمینان بخش ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 17لاکھ مستحق بچوں کو سکول پہنچا دیا ہے

تعلیمی منصوبوں میں توسیع کی بدولت یہ تعداد 20لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر مستحق بچہ اور بچی کے ہاتھوں میں قلم اور کتاب دے کر اسکا مقدر سنواریں ۔پیف چےئرمین نے بتایا کہ پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی جدید خطوط پر تربیت اور کپیسٹی بلڈنگ کے یئے ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈیویلپمنٹ کی خدمات سے استفادہ حاصل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح ضرورت مند سکول پارٹنر زکو تعلیمی بہتری کے لیئے مالیاتی اداروں کے توسط سے قرض کی سہولت کی فراہمی پر بھی غورو خوض کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیف نے تعلیمی اصلاحات کے ساتھ ساتھ انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے نظام کو بہتر و موثر بنایا ہے جس سے فروغ تعلیم کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔قبل ازیں ڈائریکٹر افتخار ربانی اور دیگر افسران نے اپنے خطاب میں فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں روشنی ڈالی ۔ اجلاس میں سکول پارٹنرز نے بھی اظہار خیال کیا اور فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام کو جہالت کے خاتمے میں اہم قرار دیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -