کراچی میں قبضہ مافیا کیخلاف کاروائیاں تیز ،سندھ کی اہم شخصیت کا فرنٹ مین محمد علی شیخ اور سابق ٹی ایم او ممتاز زرداری گرفتار
کراچی (خصوصی رپورٹ) کراچی میں سیکورٹی اداروں نے دہشت گردی اور قبضہ مافیا کے خاتمے کیلئے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ سندھ کی اہم شخصیت کے فرنٹ مین محمد علی شیخ اورسابق ٹی ایم او ممتاز زرداری کو بھی گرفتار کر لیا جبکہ معاونت کے الزام میں گرفتار فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے وائس چیئرمین قمر سلطان صدیقی کو90 دن کے ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی رینجرز کی رپورٹ کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حرکت میں آگئے ہیں۔ حساس اداروں نے کراچی ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے محمد علی شیخ کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جو سندھ کی اہم شخصیت کے فرنٹ مین ہیں۔ دوسری جانب نیب نے بھی سابق ٹی ایم او ممتاز زرداری کو گرفتار کر لیا، ان پر کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ذرائع کے مطابق گرفتار ملزموں سے تفتیش کے بعد ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ اور لینڈ مافیا کی سرپرست پولیس افسروں پر ہاتھ ڈالنے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں اور ایسے پولیس افسروں کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں جو زمینوں پر قبضے کے وقت تعینات تھے۔دریں اثناء دہشت گردی میں ملوث ملزموں کی معاونت کے الزام میں گرفتار فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کے وائس چیئرمین قمر سلطان صدیقی کو عدالت نے 90دن کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا ہے۔ ملزم کو گزشتہ رات چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا تھا۔ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیاکہ کرپشن سے حاصل ہونے والی رقم کا 70فیصد بلاول ہاؤس کودیتا تھا ۔عدالت نے رینجرز کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملز م قمر صدیقی کو 90روز کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا ۔