نواز شریف کا جنرل راحیل کو ماسکو فون ،زرداری کے بیان پر بات چیت
اسلام آباد(خصو صی رپورٹ،آن لائن ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے روس کے دورے پر گئے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو فون کر کے سابق جرنیلوں کے خلاف پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے بیان اور سیاسی صورتحال پر بات چیت کی ہے، اس موقع پر نواز شریف نے کہاکہ پاک فوج ملک کے لئے لڑ رہی ہے۔ ایسے موقع پر فوج کے خلاف بیان بازی کرنا مناسب نہیں ہے۔ یہ ممکن نہیں کہ کوئی پاک فوج کیخلاف بولے اور حکومت خاموش رہے۔ خیال رہے کہ سابق آصف علی زرداری نے رواں ہفتے ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اْنھیں دیوار سے لگانے اور ان کی کردار کشی کرنے کی روش ترک نہ کی گئی تو وہ قیام پاکستان سے لے کراب تک کے جرنیلوں کے بارے میں وہ کچھ بتائیں گے کہ وہ وضاحتیں دیتے پھریں گے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف نے آرمی چیف کو آصف علی زرداری کے بیان کے بارے میں اپنے موقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاک فوج سے متعلق ایسے الفاظ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم فوج کا احترام کرتی ہے جبکہ دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لئے فوج کی قربانیوں کو سراہتی ہے۔