وزیراعظم کی اہل پاکستان کو رمضان المبارک کی مبارکباد
اسلام آباد ( اے این این ) وزیراعظم نوازشریف نے اہل پاکستان کوماہ مقدس رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ بالخصوص سحری و افطاری اور تراویح میں اپنے وطن عزیز کی سلامتی،امن،ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دُعائیں کریں ، دشمن نت نئی سازشوں میں مصروف ہے ، انشاء اللہ اسے مذموم ارادوں میں ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔رمضان المبارک کے آغاز پرموقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ میری اور میری حکومت کی طرف سے اہل پاکستان کو رمضان کی آمد مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ماہِ مبارکہ کی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کی ہمت اور توفیق نصیب فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ میری اپنے ہم وطنوں سے درخواست ہے کہ اس بابرکت مہینے میں آپ اپنے وطن کو ہر گز نہ بھولیں اورہمیشہ اپنی دُعاؤں میں یاد رکھیں۔گذشتہ2سال کے دوران اللہ کے فضل وکرم اور بزرگوں،ماؤں،بہنوں،بیٹیوں اور بھائیوں کی دُعاؤں سے ہماری حکومت نے اقتصادی ،معاشی اور دفاعی اعتبار سے ان گنت کامیابیاں سمیٹیں۔آپریشن ضربِ عضب نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں لاتعداد کامیابیاں حاصل کیں اور پاکستان روز بروز ترقی کی منازل طے کرتا جا رہا ہے۔اللہ کرے اسے کسی کی نظر نہ لگے لیکن دشمن ہے کہ ہر روز نت نئی سازشوں میں مصروف ہے اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے در پے ہے، پر ہم انشاء اللہ دشمن کو اس کے مذموم ارادوں میں ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے بلکہ ارضِ پاک کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو اپنے عزم،اپنی ہمت اور اپنے مصمم ارادوں سے ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے پاکستان کے غیور عوام سے اپیل کی کہ وہ بالخصوص سحری و افطاری اور تراویح میں اپنے وطن عزیز کی سلامتی،امن،ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دُعائیں کریں تاکہ ہمارا ملک ہر قسم کی بیرونی سازشوں سے محفوظ رہے اور ترقی وکامرانی اس کا مقدر بنے۔