نواز شریف کئی بار لڑ کھڑا ئے ،کہیں ایسا نہ ہو اس مرتبہ سنبھل نہ پائیں ،کائرہ

نواز شریف کئی بار لڑ کھڑا ئے ،کہیں ایسا نہ ہو اس مرتبہ سنبھل نہ پائیں ،کائرہ

  

 اسلام آباد(آن لائن ،اے این این) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ ہمیں سندھ میں گورنر راج کا کوئی خوف نہیں ،وزیراعظم نواز شریف کئی مرتبہ لڑکھڑائے ہیں کہیں ایسا نہ ہو وہ اس مرتبہ سنبھل نہ پائیں،اسلام آباد میں گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ذوالفقارعلی بھٹو سے لے کر آج تک اداروں کا دفاع کرتی رہی ہے جبکہ قائد عوام کو پھانسی پر بھی ہم نے فوج پر تنقید نہیں کی تھی۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی تقریر کو اصل تناظر میں دیکھے بغیر باتیں کی گئیں کیونکہ انہوں نے کچھ اداروں کو یہ کہا کہ اپنے مینڈیٹ کے اندر رہا جائے، ہمیں تنگ نہ کیا جائے لہٰذاچوہدری نثار بات کو نہ بڑھائیں جبکہ ماضی اس بات کا گواہ ہے آصف زرداری نے ہمیشہ سیاسی، مذہبی اور قوم پرست قوتوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی اور فوج کے ساتھ کھڑے ہوکر پوری قوم کو متحد کیا۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے گلگت بلتستان میں انتخابات آنے پر اپنی مرضی کا گورنر اور اپنی ہی جماعت کا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیاگیا اور ووٹ حاصل کرنے کے لیے کالعدم تنظیموں کے لوگوں کی خدمات حاصل کرنے کے علاوہ علمائے کرام میں پیسے تقسیم کئے جاتے رہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اداروں کے ساتھ ہمیشہ جھگڑا کیا ہے جبکہ وزیراعظم نواز شریف کئی مرتبہ لڑکھڑائے ہیں اس مرتبہ ایسا نہ ہو وہ سنبھل نہ پائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کے دفاعی اداروں کو مضبوط کیا اور آمریت نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، ، ہم نے نظام کو بچانے کے لیے باربار سہارے دیے ہیں، پیپلزپارٹی کسی کرپٹ بندے کی طرف داری کرنے کو تیار نہیں، کراچی میں ہم نے لیاری میں رینجرز سے آپریشن شروع کرایا، ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ خراب لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے، ہم اپیکس کمیٹیوں کی حمایت کررہے ہیں اور مسائل کا حل نکال رہے ہیں۔ وہ سوال پوچھتے ہیں کہ کیا سندھ میں سب برا اور پنجاب و بلوچستان میں سب اچھا ہے، کوئی ادارہ ایسا ہے جو دعویٰ کرے کہ کرپشن نہیں ہے۔

مزید :

صفحہ اول -