مردوں کے جسم میں چپ لگانے کا بل دوبارہ پنجاب اسمبلی میں پیش کرنیکا امکان
لاہور(شہزاد ملک /دیبا مرزا ) پنجاب اسمبلی میں محکمہ سوشل ویلفیر کی جانب سے تیار کردہ خواتین بل ( جس میں مردوں کے جسم میں ایک چپ لگانے) کا قانون بنانے کی سفارش کی گئی تھی اس بل کو گزشتہ دنوں ایوان میں پیش کیا گیا تھا لیکن اس بل کی مردو خواتین ارکان کی جانب سے مختلف شقوں پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا جس کی وجہ سے سپیکر نے اس بل پر غورو غوص کے لئے ایوان کی ایک خصوصی کمیٹی بنا دی تھی اور اس میں پچاس فیصد تک خواتین کو نمائندگی دی گئی تھی کہ وہ اس بل کے نکات پر غور کرنے کے بعد اس کو منظوری کے لئے ایوان میں پیش کریں ۔ذرائع کے مطابق ایوان کی اس خصوصی کمیٹی میں مذکورہ محکمے کے ڈی جی نے ارکان اسمبلی کو بریفنگ دی اور ان کے تحفظات کو دور کرکے ارکان کی جانب سے دی جانے والی مختلف ترامیم کو بل میں شامل کرنے پر اتفاق رائے کر لیا ہے تاہم اس بل کو حتمی شکل دینے کے لئے اس سپیشل کمیٹی کی دوبارہ میٹنگ منگل کے روز اسمبلی سیکرٹریٹ میں طلب کر لی گئی ہے اور امکان ہے کہ اس میٹنگ میں بل کو حتمی شکل دیکر اسمبلی کے رواں اجلاس میں ہی ایوان میں دوبارہ منظوری کے لئے پیش کردیا جائے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بل پر اسمبلی میں موجود مردو خواتین دونوں جانب کے ارکان کی بل میں شامل ہر شق پر کلاز وائز مشاورت کی جا رہی ہے اور محکمے کی جانب سے ارکان کے تحفظات کو دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور جب تک کمیٹی کے ارکان کسی بھی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ جاتے اس بل کو ایوان میں منظوری کے لئے نہیں پیش کیا جائے گا ۔