بورڈ آف ریونیو کا ٹیکس ریکوری ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی پر غور
لاہور(اپنے نمائندے سے)سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی زیر صدارت اجلاس،مالی سال 2015-16میں ٹیکس ریکوری ٹارگٹ کو حاصل کرنے کی حکمت عملی پر غور،مالی سال 2014-15 میں ٹیکس ریکوری ٹارگٹ کو کامیابی سے حاصل کرنے پر تمام ممبرز کی کارکردگی کو سراہا گیا،تفصیلات کے مطابق مالی سال2015-16میں ٹیکس ریکوری ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے حوالے سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب ندیم اشرف کی زیر صدارت اجلاس گزشتہ روز بورڈ آف ریونیو کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی پی ڈی پنجاب مقبول احمد دھاولہ،چیئر مین انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈڈاکٹر عمر سیف،سیکریٹری ریونیو احمد علی ملک ،سیکریٹری سیٹلمنٹ اینڈ کانسالیڈیشن ،ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ پنجاب لیاقت بھٹی او ر چیف سٹیمپ انسپکٹرملک خالد کے ساتھ بورڈ آف ریونیو کے اعلی حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں مالی سال 2015-16میں دیئے گئے ریکوری ٹارگٹ کو حاصل کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا،مالی سال 2014-15 میں ریکوری ٹا رگٹ کو کامیابی سے حاصل کرنے پر تمام ممبرز کی کارکردگی کو سراہنے کے ساتھ سابقہ کارکردگی کو جاری رکھنے کی خصوصی ہدایات دیں گئیں ،تمام ممبرز نے پچھلے مالی سال 2014-15 کی کارکردگی کو موجودہ مالی سال2015-16 میں دھرانے اور دیئے گئے ریکوری ٹارگٹ کو حاصل کرکے زیادہ سے زیادہ ریونیو حکومتی خزانے میں جمع کروانے کے عزم کا اعادہ کیا،اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے کہا کہ ریکوری ٹارگٹ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے ،19ارب کا ریونیو حکومتی خزانے میں جمع کروایا گیا ہے جو کہ محکمہ ریونیو کی تاریخ کا ایک ریکارڈ ہے کیونکہ سابقہ ادوار میں کبھی بھی اتنا ریونیو ایک مالی سال میں حکومتی خزانے میں جمع نہ کروایا گیا ہے ، اس میں پنجاب کے تمام ریونیو افسران کی محنت اور بورڈ آف ریونیو پنجاب کے تمام ممبرز کی حکمت عملی اور ٹیم ورک شامل ہے ، جس پر تمام ممبرز شاباش اور خراج تحسین کے مستحق ہیں ہمارا موجودہ مالی سال 2015-16میں بھی یہی عزم ہے کہ ریکوری ٹارگٹ کو مال سال کے اختتام سے پہلے حاصل کرکے پہلے سے زیادہ ریونیو حکومتی خزانے میں جمع کروائیں ۔