ملٹری اکاؤنٹس کوآپریٹو سوسائٹی میں ’’ صدر‘‘ کی تعیناتی کالعدم قرار

ملٹری اکاؤنٹس کوآپریٹو سوسائٹی میں ’’ صدر‘‘ کی تعیناتی کالعدم قرار

  

لاہور(اپنے نمائندے سے)ڈسٹرکٹ کوآپریٹو لاہور نے ملٹری اکاؤنٹس کوآپریٹو سوسائٹی میں صدر کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے دیا ،لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کیلئے سوسائٹی انتظامیہ کو تحریری احکامات جاری کردیئے گئے ،تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ کوآپریٹو لاہور سیٹھ محمد اقبال نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ملٹری اکاؤنٹس سوسائٹی میں غازی الدین بابر کی بطور صدر تعیناتی کو کالعد م قرار دے دیا ہے ،ملٹری اکاؤنٹس سوسائٹی کے ممبر نوید اقبال نے اسسٹنٹ رجسٹرار کوآپریٹو کو درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ سوسائٹی کی مینجنگ کمیٹی نے غازی الدین بابر کو ملٹری اکاؤنٹس سوسائٹی میں صدر تعینات کر دیا ہے جوکہ غیر قانونی ہے کیونکہ لاہو ر ہائیکورٹ نے 2013کو غازی الدین بابر کو صدر کے الیکشن میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دیاتھا ،یہ فیصلہ آج بھی بحال ہے اس لئے وہ نہ تو صدر تعینات ہو سکتا ہے اور نہ سوسائٹی الیکشن میں بطور صدر حصہ لے سکتا ہے،غازی الدین بابر اور اس کے بھائی عبداللہ بابر نے 2013کے الیکشن میں مختلف سیٹوں پر الیکشن لڑنے کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے اس اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ،عدالت نے مورخہ 27-06-13کو مذکورہ افراد کو الیکشن میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دے دیا تھامذکورہ درخواست اسسٹنٹ رجسٹرار ہاؤسنگ کوآپریٹو سوسائٹیزنے لیٹر نمبر 257-ARL/Hمورخہ 15-06-15کے تحت سوسائٹی انتظامیہ کو جواب کیلئے بھجوایالیکن سوسائٹی انتظامیہ کی طرف سے کوئی جواب موصول نہ ہوا،اسسٹنٹ رجسٹرار کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی نے ملٹری اکاؤنٹس سوسائٹی کی مینجنگ کمیٹی کے غازی الدین بابر کو صدر تعینات کرنے کے اقدام کو بھی غیر قانونی قرار دے دیا تھا،جس کے بعد ڈسٹرکٹ کوآپریٹو نے اسسٹنٹ رجسٹرار ہاؤسنگ سوسائٹیز کی رپورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے ملٹری اکاؤنٹس سوسائٹی کی انتظامیہ کو ہدائت کی ہے کہ وہ غازی الدین بابر کو فوری طور پر صدر کے عہدے سے ہٹا دے ،صدر کی غیر موجودگی میں نائب صدرنئے الیکشن کے انعقاد تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ،دوسری جانب ذرائع نے مزید آگاہی دی ہے کہ ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کروانے میں کافی تاخیر کی گئی ہے جس سے مخصوص لابی کو فائدہ حاصل ہو رہا ہے اس حوالے سے ملٹری اکاؤنٹس سوسائٹی کے موجودہ صدر دلدار بیگ کا کہنا ہے کہ مجھے کوئی علم نہ ہے کہ محکمہ نے کیا آڈر کیا ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -